لاہور : (ویب ڈیسک ) لاہور ہائیکورٹ میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کی توشہ خانہ کیس میں نااہلی اور پارٹی چیئرمین شپ سے ہٹانے کی کارروائی کیخلاف درخواستوں پر الیکشن کمیشن کے وکیل نے عدالتی دائرہ اختیار پر اعتراض اٹھا دیا۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شمس محمود مرزا کی سربراہی میں 5 رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی۔
دوران سماعت الیکشن کمیشن کے وکیل نے کہا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں یہ کیس پہلے ہی سماعت کے لیے مقرر ہے، لاہور ہائیکورٹ اس کیس کو سننے کا اختیار نہیں رکھتی، جس پر جسٹس شاہد کریم نے ریمارکس دیئے کہ آپ ایک اہم کیس میں دلائل دے رہے ہیں آپ کو مکمل طور پر آرگنائزڈ ہونا چاہیے تھا۔
جسٹس شمس محمود مرزا نے بانیٔ پی ٹی آئی کے وکیل سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ آپ کو تمام عدالتی فیصلوں کی کاپی بنا کر تمام ججز کو دینی چاہیے تھی۔
بیرسٹر علی ظفر نے جواب دیا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ سے درخواست واپس لینے کی استدعا کی تھی جو مسترد کردی گئی۔
بعدازاں عدالت نے الیکشن کمیشن کے وکیل کو عدالتی دائرہ اختیار سے متعلق مزید دلائل دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کیس کی کارروائی ملتوی کردی۔