احمد پور شرقیہ: (دنیا نیوز) احمد پور شرقیہ میں ٹریفک حادثے کے دوران سابق رکن قومی اسمبلی مخدوم سید علی حسن گیلانی سمیت دو افراد جاں بحق ہوگئے۔
ریسکیو حکام کے مطابق بہاولپور کی تحصیل احمدپور شرقیہ کے علاقہ نبی پور احمد پور روڈ پر مخدوم سید علی حسن گیلانی کی گاڑی تیز رفتاری کے باعث بے قابو ہو کر سڑک کنارے کھڑے منی ٹرک سے جا ٹکرائی جس کے باعث وہ موقع پر جاں بحق جبکہ تین دوست شدید زخمی ہوگئے۔
حکام کا کہنا ہے کہ نعشوں اور زخمیوں کو ٹی ایچ کیو ہسپتال احمدپور شرقیہ منتقل کیا گیا، علی حسن گیلانی کی میت اہلخانہ کے حوالے کر دی گئی۔
سابق رکن قومی اسمبلی کی نماز جنازہ آج شام 4 بجے اوچ شریف میں ادا کی جائے گی۔
واضح رہے کہ مخدوم سید علی حسن گیلانی 2018 کے انتخابات میں مسلم لیگ ن کے ٹکٹ پر رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے، بعد میں انہوں نے پاکستان پیپلزپارٹی میں شمولیت اختیار کر کے 2024 کے انتخاب میں پیپلزپارٹی کی ٹکٹ پر ہی حصہ لیا تھا۔