اسلام آباد، کوئٹہ: (دنیا نیوز) ملک کے بیشتر علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری جبکہ کئی شہروں میں موسم خشک اور سرد رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران شمالی بلوچستان، بالائی خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان، کشمیر اور خطہ پوٹھوہار میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برف باری کا امکان ہے۔
کوئٹہ اور گردو نواح میں ہونے والی موسم سرما کی پہلی بارش کے بعد سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔
محکمہ موسمیات نے وادی کوئٹہ، پشین، قلعہ سیف اللہ، ژوب، زیارت میں بارش اور پہاڑوں پر برف باری کی پیشگوئی کی ہے جس سے سردی کی شدت میں مزید اضافے کا امکان ہے۔
موسم کا احوال بتانے والوں کے مطابق قلات میں کم ازکم درجہ حرارت 4 اور کوئٹہ میں 6 سینٹی گریڈ تک جا پہنچا ہے جبکہ نوکنڈی میں 10، سبی 14، تربت 17 اور جیونی میں 19 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
علاوہ ازیں شدید برف باری کی وجہ سے وادی کاغان کے سیاحتی مقام ناران کو بند کر دیا گیا جبکہ شوگراں اور بالاکوٹ کے راستے کھلے ہیں۔
پنجاب کے چند میدانی علاقوں اور بالائی سندھ میں صبح کے اوقات میں سموگ یا دھند چھائے رہنے کی توقع ہے، صوبائی دارالحکومت پھر پاکستان کے آلودہ ترین شہروں میں پہلے نمبر پر رہا جبکہ بارش کے امکانات بھی کم ہوگئے۔