راولپنڈی:(دنیا نیوز) خیبر میں فتنہ الخوارج سے مقابلے کے دوران شہید ہونے والے پاک فوج کے شہید کیپٹن محمد زوہیب الدین اور جوان کی نماز جنازہ ادا کردی گئی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کے مطابق 29 اور 30 نومبر 2024 کو بنوں اور خیبر میں فتنۃ الخوراج کیخلاف بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے کیپٹن محمد زوہیب دین شہید کی نماز جنازہ پشاور اور بنوں گیریژن میں ادا کردی گئیں۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ نماز جنازہ میں لفٹیننٹ جنرل عمر احمد بخاری ، کور کمانڈر پشاور سمیت اعلیٰ عسکری حکام اور جوانوں نے شرکت کی، بعد ازاں کیپٹن زوہیب الدین شہید اور سپاہی افتخار حسین شہید کو ان کے آبائی علاقوں میں روانہ کردیا گیا۔
لاہور میں کیپٹن زوہیب دین شہید کی نماز جنازہ میں کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل سید عامر رضا، اعلیٰ سول اور فوجی افسران بھی شریک تھے، شہید کو فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کردیا گیا۔
دوسری جانب وزیراعظم نے شہید کیپٹن زوہیب کے اہل خانہ سے ملاقات اور اُن سے تعزیت کی جبکہ شہید کیپٹن زوہیب الدین کو خراج عقیدت پیش کیا، انہوں نے کہا کہ شہید کیپٹن زوہیب نے انتہائی بہادری سے خوارجی دہشت گردوں کا مقابلہ کیا، شہید کیپٹن پر پوری قوم کو فخر ہے اور ہم انہیں سلام پیش کرتے ہیں۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ دفاع وطن میں ہمارے شہداء کی یہ عظیم قربانیاں ہمارے جذبے اور عزم کو تقویت دیتی ہیں، پاکستان کی مسلح افواج قوم کی غیر متزلزل حمایت سے دہشتگردی کے ناسور کا مکمل خاتمہ کرنے کیلئے پُر عزم ہیں۔
واضح رہے کہ کیپٹن محمد زوہیب الدین نے 30 نومبر 2024 کو ضلع خیبر کے علاقے شگئی میں ایک انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران جام شہادت نوش کیا، آپریشن کے نتیجے میں تین خوارج کو جہنم واصل کیا گیا جبکہ دو کو گرفتار کیا گیا۔