پشاور: (دنیا نیوز) پشاور ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں عمر ایوب اور فیصل امین کی 21 دسمبر تک راہداری ضمانت منظور کرلی۔
پشاور ہائیکورٹ کے جسٹس شکیل احمد نے عمر ایوب اور فیصل امین کی راہداری ضمانت کی درخواست پر سماعت کی ۔
وکیل درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا کہ درخواست گزار اپوزیشن لیڈرو ممبران قومی اسمبلی ہیں، اسلام آباد میں مقدمات درج ہیں، راہداری ضمانت دی جائے۔
عدالت نے ریمارکس میں کہا کہ یہ ملک سلامت ہے تو ہم ہے، پہلی ترجیح یہ ملک ہے جو مسائل ہیں ان کو پارلیمان میں بیٹھ کر حل کریں، جب کوئی ناخوشگوار واقعہ ہوتا ہے تو اس ملک کا نقصان ہوتا ہے، اگر کوئی سکیورٹی والا زخمی ہوتا ہے تو وہ بھی اس ملک کا بیٹا ہے۔
جسٹس شکیل احمد نے عمر ایوب کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ پر زیادہ ذمہ داری بنتی ہے آپ اپوزیشن لیڈر ہیں، حکومت کو بھی ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہیے، مسائل مل بیٹھ کر حل کریں اس میں سب کی بہتری ہے۔
عمر ایوب نے عدالت کو بتایا کہ میرے خلاف بہت زیادہ ایف آئی آر درج کی گئی ہیں، اپوزیشن لیڈر اور جوڈیشل کمیشن کا بھی ممبر ہوں، حال یہ ہے کہ میرے خلاف موٹر سائیکل چوری کی تین ایف آئی آرز درج ہیں۔
بعدازاں عدالت نے پی ٹی آئی رہنماؤں عمر ایوب اور فیصل امین کی 21 دسمبر تک راہداری ضمانت منظور کرلی۔