اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپریم کورٹ نے آڈیو لیکس کمیشن کیس میں ایڈیشنل اٹارنی جنرل کو حکومت سے ہدایات لینے کی درخواست کے لیے وقت دیدیا۔
سپریم کورٹ میں آڈیو لیکس کمیشن کیس کی سماعت جسٹس امین الدین کی سربراہی میں 6 رکنی آئینی بنچ نے کی جس دوران ایڈیشنل اٹارنی جنرل عامر رحمان اور بانی پی ٹی آئی کے وکیل بابر اعوان عدالت میں پیش ہوئے۔
دوران سماعت وفاقی حکومت کے وکیل نے آڈیولیکس کمیشن کے خلاف سماعت ملتوی کرنے کی استدعا کرتے ہوئے کہا کہ یہ معاملہ کابینہ کے سامنے پیش کیا جانا تھا کہ حکومت آڈیوز کی انکوائری چاہتی ہے یا نہیں؟
ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا کہ یہ معاملہ کابینہ کے سامنے پیش کیا جانا تھا مگر اسلام آباد میں حالیہ امن وامان کی صورتحال پر معاملہ کابینہ میں پیش نہیں ہو سکا، مختصر تاریخ دے دیں تو آڈیو لیکس کا معاملہ آئندہ کابینہ اجلاس میں پیش کیا جائے گا اور پھر کابینہ کے آڈیو لیکس معاملے پر فیصلے سے آئینی بنچ کو آگاہ کیا جائے گا۔
بانی پی ٹی آئی کے وکیل بابراعوان نے کہا کہ آڈیولیکس کی قانونی حیثیت سے متعلق سپریم کورٹ کا فیصلہ موجود ہے، اس موقع پر جسٹس امین الدین نے کہا کہ اٹارنی جنرل آفس کو حکومت سے ہدایات لینے دیں، حکومتی ہدایات آنے کے بعد معاملے کو دیکھیں گے۔
بعدازاں سپریم کورٹ آف پاکستان کے آئینی بنچ نے آڈیو لیکس کمیشن سے متعلق کیس کی سماعت ملتوی کر دی۔