شام کی خود مختاری کا احترام کرنا چاہیے: پاکستان

Published On 12 December,2024 01:14 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا ہے کہ کشیدگی میں کمی اور شام کی خود مختاری کا احترام کرنا چاہیے۔

اسلام آباد میں ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے ہفتہ وار میڈیا بریفنگ میں کہا کہ شام کی موجودہ صورتحال علاقائی امن کے لیے خطرہ ہے، شام میں امن اور سکیورٹی کا قیام نہایت ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کے اسرائیل سے فلسطینی علاقے خالی کرنے کے مطالبے کی حمایت کرتے ہیں، غزہ میں فلسطینیوں کا قتل عام فوری طور پر بند کیا جائے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے مزید کہا ہے کہ عالمی برادری غزہ میں انسانی المیے کا نوٹس لے، کشتواڑ میں کشمیریوں کی جائیدادوں پر بھارتی قبضے کی مذمت کرتے ہیں۔