افغانستان میں دہشتگرد گروپوں کو ملنے والی حمایت باعثِ تشویش ہے: پاکستان

Published On 21 November,2024 12:39 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ترجمان دفتر خارجہ نے افغانستان میں دہشتگرد گروپوں کو ملنے والی حمایت پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

ہفتہ وار پریس بریفنگ میں ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ کا کہنا تھا کہ پاکستان کو افغان سرزمین پر دہشت گرد گروہوں کی سرگرمیوں پر تشویش ہے، افغانستان سے متعلق خصوصی مندوب کی تقرری کی کوئی تجویز فی الحال زیرِ غور نہیں۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی صرف افغانستان نہیں بلکہ پاکستان سمیت ہمسایوں کے لیے بھی خطرہ ہے، افغانستان کو دہشت گرد گروہوں سے متعلق ٹھوس شواہد پیش کردیے ، افغانستان کو دہشت گرد عناصر کے خلاف کارروائی کرنی چاہیے، امید ہے افغانستان بین الاقوامی سطح پر اپنے وعدے پورے کرے گا۔

ممتاز زہرا بلوچ نے بتایا کہ بیلاروس کے صدر 25 سے 27 نومبر تک پاکستان کا دورہ کریں گے، دورے کے دوران بیلاروس کے صدر کی پاکستانی قیادت سے ملاقاتیں ہوں گی، دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے فروغ سمیت اہم معاہدوں پر بات چیت ہوگی۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق برطانوی وزیر ہمیش فالکنر نے بھی رواں ہفتے پاکستان کا دورہ کیا، برطانوی وزیر کی نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور وزیر داخلہ محسن نقوی سمیت اہم شخصیات سے ملاقاتیں ہوئیں۔