اسلام آباد: (دنیا نیوز)دفتر خارجہ تین ماہ سے امریکی عہدیدار کو قتل کرنے کی مبینہ سازش کے الزام میں گرفتار پاکستانی شہری بارے امریکی حکام سے معلومات نہ لے سکا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق قتل کی مبینہ سازش میں گرفتار آصف مرچنٹ کے متعلق کوئی تفصیلات نہیں ہے۔
آصف مرچنٹ کو جولائی میں مبینہ قتل کی سازش کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا، مرچنٹ کی گرفتاری کے بعد دفتر خارجہ نے امریکہ سے تفصیلات لینے کی درخواست کی تھی، تین ماہ گزرنے کے بعد بھی امریکی حکام سے دفتر خارجہ تفصیلات نہیں لے سکا۔
ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ کا کہنا ہے کہ آصف مرچنٹ کے متعلق ہمیں کوئی ڈیٹا یا تفصیلات نہیں ملی، اس وقت میرے پاس کوئی انفارمیشن نہیں ہے، واشنگٹن میں پاکستانی سفارتخانے نے امریکی انتظامیہ سے آصف مرچنٹ کے کیس کی تفصیلات مانگی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ امریکی انتظامیہ سے ان کی قومیت کے حوالے سے بھی تفصیلات طلب کی ہیں، پاکستانی سفارت خانے نے آصف مرچنٹ تک قونصلر رسائی کی فراہمی کی درخواست بھی کی ہے۔
خیال رہے کہ رواں ماہ آصف مرچنٹ کو ایک عدالت کے سامنے پیش کیا گیا تھا، آصف مرچنٹ نے اپنے اوپر عائد الزامات سے انکار کیا تھا۔