اسلام آباد:(دنیا نیوز) وفاقی کابینہ نے کمیٹی برائےانٹر گورنمنٹ ٹرانزیکشنز کے فیصلوں کی توثیق کردی۔
وفاقی کابینہ نے اجلاس کے دوران وزارت داخلہ کی سفارش پر نیشنل رجسٹریشن اینڈ بائیو میٹرک پالیسی فریم ورک 2024 کی منظوری دے دی، وزارت قانون و انصاف کی سفارش پر انٹلیکچول پراپرٹی ٹریبونل کوئٹہ کے قیام اور20 دسمبر 2018 کی ثالثی کے نتیجے میں اقوام متحدہ کے کنونشن برائے بین الاقوامی تصفیہ جات کے معاہدوں پر دستخط کی منظوری دے دی۔
اسی طرح کراچی پورٹ ٹرسٹ کے ایچ آر منیجر ارباب انس کی ملازمت سے برخاستگی کے خلاف دائر کی گئی اپیل مسترد کر دی جبکہ وزارت پٹرولیم کی سفارش پر بھاری کثافت والے دھماکہ خیز مواد کی تیاری کے لائسنز کے حوالے سے ایکسپلوسوز رولز 2010 کے فارم ای ایل 1 میں ترامیم کی منظوری دے دی-
دوسری طرف وفاقی کابینہ نے وزارت توانائی، پاور ڈویژن کی سفارش پر ضلع اپر کوہستان، ضلع لوئر کوہستان اور ضلع کولائی پالس کوہستان کی پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی سے ہزارہ الیکٹرک پاور کمپنی منتقلی کی منظوری دے دی۔
دوران اجلاس وزارت مذہبی امور اور بین المذاہب ہم آہنگی کی سفارش پر اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری کی حدود میں نکاح نامے میں ختم نبوت کے حلف کی شق شامل کرنے کی منظوری دے دی ور کابینہ سیکرٹریٹ کی جانب سے وفاقی امور کے حوالے سے پرنسپلز آف پالیسی کے نفاذ کی رپورٹس برائے سال22-2021 اور23-2022 پیش کی گئیں۔
دریں اثنا وفاقی کابینہ کو کابینہ ڈویژن کی جانب سے نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی کی تین سال کی رپورٹس پیش کی گئیں، یہ رپورٹس اب مشترکہ مفادات کونسل کو بھیجی جائیں گی،کابینہ کمیٹی برائے قومی ملکیتی ادارہ جات کے 4 دسمبر 2024 کے اجلاس میں کئے گئے فیصلوں کی توثیق کردی۔
وفاقی کابینہ نے کمیٹی برائےانٹر گورنمنٹ ٹرانزیکشنز کے 20 نومبر 2024 اور 21 نومبر 2024 کے اجلاس میں کئے گئے فیصلوں کی توثیق کردی۔