خیبرپختونخوا کابینہ نے کرم کو آفت زدہ قرار دینے کی منظوری دے دی: بیرسٹر سیف

Published On 23 December,2024 06:05 pm

پشاور:(دنیا نیوز) مشیر اطلاعات بیرسٹر سیف خیبرپختونخوا نے کہا ہے کہ کابینہ نے ضلع کرم کو آفت زدہ قرار دینے کی منظوری دے دی، جبکہ علاقے میں ریلیف ایمرجنسی کی بھی منظوری دے دی گئی ہے۔

 بیرسٹر سیف نے بتایا کہ کرم میں ہنگامی بنیادوں پر ہونے والی امدادی سرگرمیوں کی قانونی منظوری دے دی گئی ہے جبکہ صوبائی حکومت نے متعلقہ حکام کو امدادی کارروائیاں تیز کرنے کی ہدایت کی ہے۔

انہوں نے کہاکہ ریلیف ایمرجنسی میں ادویات اور اشیائے خورونوش کی فراہمی کو یقینی بنایا جارہا ہے، چند نجی میڈیا چینلز خبر کو سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کررہے ہیں، ریلیف ایمرجنسی میں ادویات فراہمی، خوراک، ایئر سروس کے ذریعے آمدورفت شامل ہے، کرم میں صورتحال پُرامن ہونے تک ریلیف سرگرمیاں جاری رہیں گی، کرم کشیدگی کے باعث متاثر ہونے والے افراد کی مالی مدد جاری رہے گی۔

قبل ازیں کابینہ اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہاکہ علاقے کے لوگ امن چاہتے ہیں لیکن کچھ عناصر فرقہ وارانہ منافرت کے ذریعے حالات کو خراب کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ یہ عناصر مسئلے کو دوسرا رنگ دینے کے لیے غلط بیانیہ بنا رہے ہیں، علاقے میں غیر قانونی بھاری ہتھیاروں کی بھر مار ہے۔

علی امین گنڈاپور نے کہاکہ اتنے بھاری ہتھیار رکھنے اور مورچے بنانے کا کوئی جواز نہیں، حکومت کی کوئی ایسی پالیسی نہیں کہ کسی بھی مسلح گروپ کو غیر قانونی بھاری ہتھیار رکھنے کی اجازت دے۔

وزیراعلیٰ نے کہاکہ صوبائی حکومت مذاکرات اور جرگوں کے ذریعے مسئلے کا پرامن حل نکالنے کے لیے ہر ممکن کوشش کررہی ہے، علاقے کے لوگوں کی جان و مال کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے حکومت اپنی عملداری پر سمجھوتہ نہیں کرےگی جبکہ تیراہ اور جانی خیل میں آپریشن کا کوئی فیصلہ نہیں ہوا۔