سول نافرمانی تحریک بوگس نظام کے خلاف ہے: شیخ وقاص اکرم

Published On 03 January,2025 05:12 pm

پشاور: (دنیا نیوز) سیکرٹری اطلاعات تحریک انصاف شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ سول نافرمانی کا پہلا فیز جاری ہے، سول نافرمانی تحریک بوگس نظام کے خلاف ہے۔

نیوز کانفرنس کرتے ہوئے سیکرٹری اطلاعات تحریک انصاف شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ حکومتی وزرا اوورسیز پاکستانیوں کو پاسپورٹ بلاک کرنے کی دھمکیاں دیتے ہیں، اوورسیز پاکستانیوں کے ساتھ ناروا سلوک کیا جا رہا ہے۔

شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی موجودہ نظام سے بیزاری کا اظہار کر رہے ہیں، تارکین وطن حکومت سے مایوس ہو چکے ہیں، بانی نے اوورسیز پاکستانیوں کے لیے روشن ڈیجیٹل پروگرام شروع کیا تھا۔

سیکرٹری اطلاعات تحریک انصاف نے کہا کہ سول نافرمانی تحریک پاکستان نہیں فارم 47 حکومت کے خلاف ہے، اوورسیزپاکستانی حکومت کی فسطائیت سے گھبرانے والے نہیں۔

شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ بانی واضح کہہ چکے ہیں 9 مئی، 26 نومبر پر جوڈیشل کمیشن، قیدیوں کی رہائی ہمارا مطالبہ ہے، 190 ملین پاؤنڈ کیس، سزا نہیں ہوگی بریت کا کیس ہے۔

سیکرٹری اطلاعات پی ٹی آئی نے کہا کہ اگرسزا ہو بھی جاتی ہے تو مذاکرات متاثر نہیں ہوں گے، ہم کوئی ڈیل نہیں مانگ رہے، جوڈیشل کمیشن کے ذریعے انصاف مانگ رہے ہیں۔