لاہور ہائیکورٹ نے اقدام قتل کے ملزم کی درخواست ضمانت خارج کردی

Published On 06 January,2025 01:00 pm

لاہور : (دنیا نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے اقدام قتل کے ملزم کی ضمانت کی درخواست خارج کردی۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس فاروق حیدر نے ملزم کی درخواست ضمانت پر سماعت کی۔

دوران سماعت عدالت نے ریمارکس میں کہا کہ رپورٹ کے مطابق ملزم نے تیز دھار آلے سے حملہ کیا ہے، اس کا زخم 15 سنٹی میٹر لمبا اور چھ انچ تک گہرا ہے، کیا یہ خاتون بچ گئی ہے۔

مضروب خاتون کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ جی خاتون کو اللہ نے نئی زندگی دی ہے جس پر عدالت نے ملزم کے وکیل سے استفسار کیا کہ آپ کس گراؤنڈ پر ضمانت لینے آئے ہیں، کیا چالان جمع ہو چکا ہے۔

وکیل مضروب خاتون نے عدالت کو بتایا کہ چالان جمع ہو کر ٹرائل شروع ہو گیا ہے جس پر عدالت نے ریمارکس دیئے کہ ٹرائل عدالت کو جلد فیصلہ کرنے کی ہدایت کر سکتے ہیں،ضمانت نہیں مل سکتی۔

خاتون کے وکیل نے کہا کہ ملزم عمران قصاب ہے، ملزم نے کرایہ نہ بڑھانے، دکان خالی کروانے پر مالکن خاتون پر حملہ کیا، ملزم نے خاتون کے خاوند پر بھی حملہ کیا جس سے وہ بھی زخمی ہوا۔

بعدازاں عدالت نے ٹرائل کورٹ کو دو ماہ میں کیس کا فیصلہ کرنے کا حکم دیتے ہوئے ملزم کی درخواست ضمانت خارج کردی۔