شعبہ تعلیم کے فروغ کیلئے عالم اسلام کو بہت کچھ کرنا ہے: خالد مقبول صدیقی

Published On 09 January,2025 05:09 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر تعلیم خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ آج ہم ایک فیصلہ کن موڑ پر کھڑے ہیں، شعبہ تعلیم کے فروغ کیلئے عالم اسلام کو بہت کچھ کرنا ہے۔

نیوز کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر تعلیم خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ چیلنجز کا سامنا کرنے کے لیے اسلامی ملکوں میں تعاون ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی آدھی آبادی خواتین پر مشتمل ہے، خواتین کی تعلیم کے حوالے سے پاکستان میں عالمی کانفرنس ہو رہی ہے، تعلیمی کانفرنس اسلام آباد میں منعقد کی جا رہی ہے۔

خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ تین روزہ کانفرنس میں 47 ملکوں کے 150 مندوبین شریک ہوں گے، چاروں صوبوں کے وزرائے تعلیم سمیت مختلف ملکوں کے وزرا، علما و مشائخ اور ماہرین شرکت کریں گے۔

وفاقی وزیر تعلیم نے کہا کہ اسلامی دنیا بھی اپنے حالات کی وجہ سے فیصلہ کن موڑ پر ہے، عالمی کانفرنس ایک اہم سنگ میل ہے، تعلیم کے شعبے میں کانفرنس ایک بڑی اہمیت کی حامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ جدید تعلیم کے فروغ کے لیے عالم اسلام کو بہت کچھ کرنا ہے، افغانستان کو بھی تعلیمی کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی ہے۔

خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ ہنر پر مبنی تعلیم کی فراہمی کے لیے میگا منصوبہ شروع کیا گیا ہے، نوجوان اعلیٰ تعلیم حاصل کر کے معاشرے میں بہتری لاسکتے ہیں۔