صدر، وزیراعظم اور وزیر داخلہ کا فتنہ الخوارج کیخلاف کامیاب آپریشن پرخراج تحسین

Published On 12 January,2025 08:49 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم محمد شہبازشریف اور وزیر داخلہ محسن نقوی نے فتنہ الخوارج کے خلاف کامیاب آپریشن پر سکیورٹی فورسز خراج تحسین پیش کیا۔

صدر مملکت آصف علی زرداری نے شمالی وزیرِ ستان میں فتنہ الخوارج کے خلاف کامیاب کارروائیوں پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا اور 9 دہشتگرد جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کی کارکردگی کو سراہا۔

صدر مملکت نے ملک سے فتنتہ الخوارج کے مکمل خاتمے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ سکیورٹی فورسز دہشت گردی کے عفریت کے خاتمے کے لیے کارروائیاں کر رہی ہیں، پوری قوم دہشت گردی کے خلاف متحد ہے۔

وزیرِ اعظم نے شمالی وزیرستان میں دو مختلف کارروائیوں میں فتنہ الخوارج کے 9 دہشتگردوں کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کے متعلقہ افسران و اہلکاروں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی تعریف کی اور خراج تحسین پیش کیا۔

یہ بھی پڑھیں: سکیورٹی فورسز کے شمالی وزیرستان میں 2 مختلف آپریشنز، 9 خوارج ہلاک

وزیراعظم شہںاز شریف کا کہنا ہے کہ دہشتگردی کی عفریت کے ملک سے مکمل خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے، دہشتگردی کی اس جنگ میں مجھ سمیت پوری قوم اپنی بہادر سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی شمالی وزیرستان میں خوارجی دہشتگردوں کے خلاف کامیاب آپریشنز پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ بہادر سکیورٹی فورسز نے ایک بار پھر خوارجی دہشتگردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا ہے۔

محسن نقوی نے کہا کہ قوم دہشتگردی کے خلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، بہادر سکیورٹی فورسز ہمارا سرمایہ افتخار ہے، سکیورٹی فورسز کی کامیابیوں کو قوم تحسین کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔