مظفرآباد: (دنیا نیوز) وزیر اعظم آزاد کشمیر چودھری انوار الحق نے کہا ہے کہ 5 فروری یوم یکجہتی کشمیر بھرپور انداز میں منایا جائے گا، اس سلسلہ میں تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔
کابینہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم آزاد کشمیر چودھری انوار الحق کا کہنا تھا کہ پاکستان نے ہمیشہ کشمیریوں کی بین الاقوامی فورمز پر بھرپور وکالت کی ہے، عوام کے جان و مال کا تحفظ موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
وزیر اعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ گورننس سسٹم کو بہتر بنانے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات اٹھائے جائیں گے، معیار تعلیم کو ترجیح بنانا ہے، کوٹہ کی بنیاد پر تمام تعلیمی اداروں میں فیکلٹی کی کمی کو پورا کرنے کے لیے اقدامات اٹھائے جائیں۔
چودھری انوار الحق نے ہدایت کی کہ شہریوں کے تحفظ کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے، ریشنلائزیشن کو فوقیت دی جائے، پاک فوج کی وطن کے دفاع کے لیے قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ صحت کے شعبہ میں اصلاحات کے لیے اقدامات اٹھائے ہیں، حکومت نے عوام کی فلاح کے لیے ڈیڈ ترقیاتی پراجیکٹس کو رواں کیا ہے، عوام کی فلاح کے لیے تمام ممکنہ وسائل فراہم کیے جائیں گے، ٹیکس نیٹ کو بڑھانے سے ریونیو میں اضافہ ہوگا۔