چند منٹ خاموشی اختیار کرنے سے مسئلہ کشمیر کا حل ممکن نہیں: فیصل ندیم

Published On 05 February,2024 07:30 pm

کراچی: (دنیا نیوز) پاکستان مرکزی مسلم لیگ کراچی کے نائب صدر فیصل ندیم نے کہا کہ ہماری حکومتوں نے چند منٹ خاموشی اختیار کرنے کو مسئلہ کشمیر کا حل سمجھا ہے۔

کراچی میں پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے زیر اہتمام یکجہتی کشمیر ریلی کاانعقاد کیا گیا، یکجہتی کشمیر ریلی سہراب گوٹھ سےشروع ہوکرمزارقائد پراختتام پذیرہوئی ، ریلی کی قیادت مرکزی نائب صدر فیصل ندیم کراچی کے صدر احمد ندیم اعوان نے کی۔

یکجہتی کشمیر ریلی سے خطاب کرتے ہوئے فیصل ندیم نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اسے قائد اعظم کےفرمان اورپالیسی کےمطابق آزاد کروائیں گے، مسئلہ کشمیر کو پس پشت نہیں ڈالا جا سکتا۔

فیصل ندیم نے کہا کہ پاکستان مرکزی مسلم لیگ کشمیر پرسب سے مضبوط آواز بن کر ابھرے گی، بھارت نے کشمیر کی خصوصی حیثیت کو ختم کیا، مسئلہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں کے تحت ہونا چاہیے۔

احمد ندیم اعوان نے ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے کشمیر کو دہشت گردی سے جوڑنے کی کوشش کی مگر ناکام ہوگیا، کشمیر سے توجہ ہٹانے کیلئے بھارت نے پاکستان پرعالمی پابندیاں لگانے کی کوشش کی اورپاکستان میں دہشتگردی کےنیٹ ورک قائم کیا۔

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیرکے غیورعوام کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں اوران کی اخلاقی، سیاسی مدد جاری رکھیں گے۔