ظفروال: (دنیا نیوز) رہنما مسلم لیگ ن احسن اقبال نے کہا کہ بابا قائد اعظمؒ کے گھر کو جو جماعت آگ لگائے وہ آپ کے ووٹ کی حقدار نہیں ہو سکتی ہے۔
ظفروال کے گاؤں بھٹیاں دیوان میں کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن نے ملک پاکستان کو بنایا، مسلم لیگ پاکستان کی ماں ہے، جو سکون ماں کی چھاؤں میں ہے وہ کہیں بھی نہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ اور پاکستان ایک دوسرے کیساتھ لازم ملزوم ہیں، جب بھی مسلم لیگ کے پاس پاکستان آیا ہے خوشحالی آئی اور جب بھی مسلم لیگ سے پاکستان چھینا گیا ہے مہنگائی آئی ہے اور تباہی آئی، ووٹ کی پرچی غریب کا ایٹم بم ہے۔
احسن اقبال نے کہا کہ ووٹ کی پرچی وہ ترازو ہے جو غریب کو امیر کے مقابلے میں کھڑا کرتی ہے، ووٹ کی پرچی کے ذریعے آپ لوگ شہادت اور گواہی دیتے ہیں کہ کون آپ کے بہتر مستقبل کیلئے بہتر قیادت اور رہنمائی کر سکتا ہے ۔
یہ بھی پڑھیں: مجھے ساری زندگی کیلئے نکالنے والے خود استعفے دے رہے ہیں : نوازشریف
انہوں نے کہا کہ آپ کے سابقہ نمائندوں نے علاقے میں تعلیم کے لیے صحت کے لیے یا غریبوں کی فلاح کے لیے کوئی کام کیا؟ عوام 8 فروری کو امن، تعلیم اور ترقی کا بیج لگائیں، انشاءاللہ تعالی اس علاقے کی تقدیر بدل دیں گے۔
احسن اقبال نے 9 مئی کے واقعات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ جو جماعت ہمارے شہیدوں کی یاد گار جلائے، ٹھڈے مارے وہ ووٹ کے حقدار نہی ہو سکتے، شہید ہمارے سلوٹ کےمستحق ہیں ناکہ ہمارے ٹھڈوں کے، جوجماعت ہماری فوج کی چھاؤنیوں پر حملے کرے جیسے کہ دہشت گرد حملے کرتے ہیں وہ ووٹ کی مستحق نہیں ہوسکتی۔
یہ بھی پڑھیں: ووٹ صرف کاغذ کا ٹکڑا نہیں ملک کے مستقبل کا فیصلہ ہے : مریم نواز
انہوں نے کہا کہ جس مقام پر1400 سال سے کسی مسلمان نے آواز اونچی نہیں کی تھی وہاں پر بھی بے حرمتی کی گئی ، روضے رسولؐ پر فرشتے بھی ادب سے اترتے ہیں ، ایک اسی طرح کی دوسری جماعت بھی ہے جو کہتی ہے حضورؐ کو خوش کرنا ہے تو کرین کو ووٹ دو ۔
احسن اقبال نے کہا کہ جو کلمہ گوہے اس کے سینے میں نبی پاکؐ کی محبت ہے، ہر مسلمان اپنی جان، مال، ماں، باپ اور اولاد سے زیادہ محبت حضورؐ سے رکھتا ہے۔