تعلیم اور ٹیکنالوجی میں مہارت کے بغیر ترقی کا خواب ناممکن ہے: انجینئر امیر مقام

Published On 31 January,2025 02:47 am

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیرانجینئر امیر مقام سے نیشنل یوتھ کونسل کے کشمیر اور گلگت بلتستان سے منتخب ممبران نے ملاقات کی جس میں مستقبل کے معماروں نے اپنے شاندار منصوبوں اور سرگرمیوں پر بریفنگ دی۔

وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے نوجوانوں کے جذبے کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ نوجوان ہی ہیں جو ملک کا مستقبل سنواریں گے اور میں آپ سب کے عزم اور حوصلے کو سلام پیش کرتا ہوں، آپ کے ساتھ مل کر تجربات شیئر کرنا اور ترقی کی راہ پر آگے بڑھنا میرے لئے باعث مسرت ہے۔

اس موقع پر انہوں نے پرائم منسٹر یوتھ پروگرام کے حوالے سے وزیراعظم شہباز شریف اور رانا مشہود احمد خان کے شاندار کردار کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ یہ پروگرام نوجوانوں کے لئے ترقی کی شاہراہ پر ایک سنگ میل ثابت ہوا ہے۔

انجینئر امیر مقام نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت اور وژن نے اس پروگرام کو نئی بلندیوں تک پہنچایا جبکہ رانا مشہود احمد خان نے اس خواب کو حقیقت میں بدلنے میں اہم کردار ادا کیا۔

انہوں نے نوجوانوں کو ملک کا اصل سرمایہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ تعلیم اور ٹیکنالوجی میں مہارت کے بغیر ترقی کا خواب ناممکن ہے، حکومت جدید تعلیم اور سکل ڈویلپمنٹ کو اولین ترجیح دے رہی ہے تاکہ ہمارا نوجوان عالمی معیار پر پورا اتر سکے۔