اسماعیلی برادری کے غم میں برابر کا شریک ہوں: شہباز شریف

Published On 05 February,2025 10:14 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ میں پرنس کریم آغا خان کے انتقال پر اسماعیلی برادری کے غم میں برابر کا شریک ہوں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر پیغام جاری کرتے ہوئے اسماعیلی کمیونٹی کے روحانی پیشوا پرنس کریم آغا خان کی وفات پر اظہار تعزیت کیا ہے۔

انہوں نے ایکس پر لکھا کہ کریم آغا خان ایک قابل رہنما تھے جن کی زندگی دنیا بھر میں مختلف برادریوں کی فلاح کے لیے وقف تھی، انہوں نے غربت کے خاتمے، پسماندہ افراد کی حمایت، صحت اور صنفی مساوت کے لیے انتھک کوشش کی۔

ان کا کہنا ہے کہ وہ ضرورت مندوں کے لیے امید کی کرن تھے، انہوں نے بے شمار زندگیوں پر ان مٹ نقوش چھوڑے ہیں۔

واضح رہے کہ اسماعیلی کمیونٹی کے روحانی پیشوا پرنس کریم آغا خان 88 برس کی عمر میں انتقال کر گئے ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق پرنس کریم آغا خان کا انتقال پرتگال کے دارالحکومت لزبن میں 4 فروری کو ہوا، مولانا شاہ کریم کی نماز جنازہ اور تدفین لزبن ہی میں ادا کیے جانے کا اعلان کیا گیا ہے۔