پاکستان اڑان بھرنے کیلئے تیار، پالیسیوں کا تسلسل ناگزیر ہے: احسن

Published On 10 February,2025 10:30 am

لاہور: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر برائے ترقی و منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان ایک بار پھر اڑان بھرنے کو تیار ہے، ملکی ترقی کیلئے پالیسیوں کا تسلسل ناگزیر ہے۔

لاہور میں نیشنل سکول آف پبلک پالیسی کی سالانہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر احسن اقبال کا کہنا تھا کہ جو اکنامک زونز ہم نے 2020میں تیار کرنے تھے ہم 2022میں آئے تو ایک بھی تیار نہیں ہوا تھا ، جب ہم حکومت میں آئے تو دنیا میں شرطیں لگ رہی تھیں کہ پاکستان 6ہفتوں میں سری لنکا بن جائے گا۔

احسن اقبال نے کہا کہ وزیراعظم شہبازشریف نے دلیرانہ طریقے سے فیصلے کیے، پاکستان آج دوبارہ ٹرن آراؤنڈ پر آگیا ہے، مہنگائی 38فیصد سے 4فیصد پرآگئی ہے، پالیسی ریٹ 12فیصد پر آگیا ہے، سٹاک مارکیٹ نئے ریکارڈ قائم کررہی ہے، ملک ایک بار پھر اڑان بھرنے کیلئے تیار ہے۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ ہم نے فیصلہ کرنا ہے کہ کیا اس اڑان کا حشر بھی پچھلی اڑانوں جیسا کرنا ہے؟ ہمیں اپنے اطوار بدلنا ہوں گے، امن ،استحکام ،پالیسی کا تسلسل اور اصلاحات پر عمل کرنے کا عزم بہت ضروری ہے، ہم نےاگلے سنگ میل پر نظر رکھنی ہے۔