لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق وزیر اعظم نواز شریف نے کہا کہ زوال کا رخ ترقی کی طرف موڑ دیا ہے، پاکستان اندھیروں سے باہر آ رہا ہے۔
سابق وزیراعظم نواز شریف اور وزیراعلیٰ مریم نواز شریف سے ننکانہ صاحب، شیخو پورہ، قصور، اوکاڑہ اور پاکپتن ڈویژن سے تعلق رکھنے والے ارکان پنجاب اسمبلی نے ملاقات کی، دوران ملاقات عوامی فلاح کے منصوبوں اور مستقبل کی سیاسی حکمت عملی پر مشاورت بھی ہوئی۔
نوازشریف نے ارکان اسمبلی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ زوال کا رخ ترقی کی طرف موڑ دیا ہے، معاشی اشاریوں کی بہتری پاکستان کی بہتری ہے، معیشت میں بہتری لا کر ایک بار پھر پاکستان سنوار رہے ہیں، پالیسی ریٹ میں 22 سے 12 فیصد کی کمی سے معاشی سرگرمیاں بڑھ رہی ہیں، معیشت کو فائدہ ہو رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ روپیہ مستحکم ہوا اور گروتھ بڑھ رہی ہے، سٹاک ایکسچینج بلند ترین سطح پر ہے، مہنگائی کم ہو رہی ہے، بے ایمانی کے ساتھ آئے ہوئے شخص نے ملک کی بنیادیں ہلا دی تھیں، ہم نے پاکستان کی خاطر ہسنتے ہوئے قربانیاں دیں، آگے بھی دریغ نہیں کریں گے۔
صدر مسلم لیگ ن نے کہا کہ شہباز شریف کی محنت رنگ لا رہی ہے، آئی ایم ایف نے بھی معاشی بحالی اور پاکستان کے ترقی کی طرف بڑھنے کا اعتراف کیا ہے، پنجاب کی رونقیں اور خوشیاں بحال ہو رہیں، اللہ نظر بد سے بچائے، اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہیں پاکستان سیاہ اندھیروں سے باہر آ رہا ہے، مسلم لیگ (ن) نے پھر ثابت کیا کہ ہم ہی ملک کی خدمت کرتے ہیں، عوام کو ریلیف دیتے ہیں۔
عوام کی زندگی میں بہتری آنا ہی ہماری محنت کا صلہ ہے: مریم نواز
وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی زندگی میں بہتری کا آنا ہی ہماری محنت کا صلہ ہے، نواز شریف پاکستان کی ترقی کا برانڈ ہے، ہماری پہچان اور شناخت نواز شریف ہیں۔
ارکان اسمبلی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فخر ہے کہ نوازشریف اور شہباز شریف ہمارے قائد ہیں جنہوں نے زخم کھائے لیکن ہمیشہ سیاست پر ریاست کے مفادات کو ترجیح دی، نوازشریف پاکستان کی ترقی کی علامت اور ضمانت ہے، ملک کی خوشحالی اور عوام کی بحالی کی بات آتی ہے تو صرف نواز شریف کا نام آتا ہے، مریم نواز جیسی مدبر اور محنتی وزیر اعلیٰ کا ملنا پنجاب اور ہماری خوش قسمت ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پہلی دفعہ سوئے ہوئے محکموں کو بھی کام پر لگا دیا گیا ہے، مریم نواز نے بطور وزیراعلیٰ نواز شریف اور شہباز شریف کی ترقی کی روایت کو ایک نئی مثال بنا دیا ہے، قوم کی بیٹی مریم نواز شریف دن رات عوام اور پنجاب کی خدمت کر رہی ہے، پاکستان اور پنجاب ترقی کر رہے ہیں، عوام کو تبدیلی نظر آ رہی ہے۔
ارکان اسمبلی نے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کے عوام خوش اور مطمئن ہیں، ترقیاتی کاموں کا معیار اور رفتار لائق تحسین ہے۔
پارٹی کے سینئر رہنما سینیٹر پرویز رشید، رانا ثناء اللہ، پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب اور راشد نصر اللہ بھی اس موقع پر موجود تھے۔
نواز شریف سے ملاقات کرنیوالوں میں سلطان باجوہ، رانا ارشد، کاشف پدھیار، آغا علی حیدر، محمد حسن ریاض، پیر اشرف رسول، رانا طاہر اقبال، چودھری الیاس، نعیم صفدر انصاری ، ملک احمد سعید، چودھری احسن رضا خان، محمود انور، رانا سکندر حیات اور رانا اقبال خان شامل تھے۔
ایم پی ایز جاوید علاؤالدین ساجد، سید محمد عاشق حسین شاہ، چودھری افتخار حسین چاچڑ، نور الامین وٹو، علی عباس، یاور زمان، میاں محمد منیر، چودھری غلام رضا ربیرہ، فاروق احمد خان مانیکا، چودھری جاوید احمد، عمران اکرم، ڈاکٹر فرخ جاوید اور سردار منصب علی ڈوگر بھی سابق وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کی۔