لاہور: (دنیا نیوز) کراچی سے لاہور پرواز کے طیارے کی رات دس بجے ایک ٹائر کے بغیرلینڈنگ کا انکشاف ہوا ہے۔
پی کے 306 کی لینڈنگ کے بعد پچھلے ٹائروں میں سے ایک ٹائرکی عدم موجودگی کا انکشاف ہوا، لاہور اے ٹی سی او کی جانب سے اطلاع پر کراچی ایئرپورٹ پر ٹائر کی شافٹ کا ایک حصہ ملا۔
ذرائع کے مطابق اے پی بی ایل ایس رجسٹریشن کے حامل ایئربس 320 طیارے کے ٹائرغائب ہونے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا، پی آئی اے ٹیم ٹائر کے بغیر پرواز کی لینڈنگ تحقیقات کے لئے لاہور پہنچ گئی۔
سیفٹی اینڈ انویسٹی گیشن حکام نے بھی تحقیقات کا آغاز کر دیا، کراچی سے ٹیک آف کے وقت طیارے کے ٹائرمکمل تھے، طیارے نے لاہور ایئرپورٹ پر نارمل لینڈنگ اور ٹیکسی کی۔
ترجمان پی آئی اے کے مطابق ابتدائی مشاہدے کے مطابق کراچی رن وے پرممکنہ بیرونی چیز کے ٹکرانے کے باعث واقعہ ہوا، پی آئی اے فلائٹ سیفٹی ڈیپارٹمنٹ نے معاملے کی تحقیقات شروع کر دیں۔
پی آئی اے ترجمان نے کہا کہ حتمی رپورٹ آنے پر اصل وجہ سامنے آئے گی مگر ابتدائی مشاہدے کے مطابق کراچی رن وے پر ممکنہ فاڈ یا کسی اور بیرونی عمل سے پہیہ متاثر ہوا۔
انہوں نے کہا کہ پی آئی اے جہاز نے لاہور میں بحفاظت اور انتہائی ہموار لینڈنگ کی، جہاز کے ڈیزائن میں اس عمل کیلئے گنجائش رکھی جاتی ہے جس سے فضائی حفاظت کو خطرہ لاحق نہ ہو۔