مدینہ منورہ: (دنیا نیوز) پاکستان سے عازمین کرام کو لے کر پہلی حج پرواز سعودی عرب پہنچ گئی، مدینہ کے شاہ عبد العزیز ایئر پورٹ پر پاکستان کے سفیر نے عازمین حج کا استقبال کیا۔
ڈائریکٹر جنرل حج عبد الوہاب سومرو اور پاکستان حج مشن کے افسران نے استقبال کیا، پاکستان سے 393 عازمین حج کو لے کر قومی ایئر لائن کی پہلی پرواز مدینہ ایئر پورٹ پہنچی۔
مدینہ ایئر پورٹ پر آج پاکستان سے چار پروازوں کے ذریعے 9 سو عازمین حج پہنچیں گے، سرکاری حج سکیم کے تحت 88 ہزار 380 عازمین فریضہ حج ادا کریں گے۔
حج فلائٹ آپریشن کے پہلے پندرہ دن حج پروازیں مدینہ منورہ لینڈ کریں گی، اس کے بعد حجاز مقدس آنے والی پروازیں مکہ جائیں گی۔
عازمین حج کو سعودی عرب لانے کے لیے حج فلائٹ آپریشن 31 مئی تک جاری رہے گا، حج آپریشن میں قومی ایئر لائن کے علاوہ نجی ایئر لائنز بھی حصہ لیں گی۔
قومی ایئر لائن اس سال 56 ہزار سے زائد پاکستانی عازمین کو سعودی عرب پہنچانے کے لیے 280 خصوصی پروازیں چلائے گی۔