اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان سے حج آپریشن کا آغاز ہو گیا، پہلی پرواز 428 عازمین حج کو لے کر اسلام آباد سے مدینہ کے لیے روانہ ہوگئی۔
وفاقی وزیر سردار محمد یوسف اور سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی نے عازمین حج کو رخصت کیا۔
وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حجاج کیلئے تمام سہولیات کو ممکن بنانے کی کوشش کی گئی ہے، آئندہ سال پاکستان کے ہر ایئرپورٹ سے عازمین حج کی روانگی کا بندوبست کیا جائے گا۔
سردار محمد یوسف نے کہا کہ رواں برس عازمین کیلئے انتظامات گزشتہ سالوں کی نسبت بہتر ہونگے، ہر حاجی کو خصوصی سم کارڈ دیا جائے گا، راستہ بھولنے کی صورت میں ایپلی کیشن مدد کرے گی، حج آپریشن 31مئی تک جاری رہے گا۔