بھارت کے پاکستان پر دہشتگردی کے الزامات بدنیتی، ہم ہر قربانی دینگے: رضوان سعید شیخ

Published On 01 May,2025 03:20 am

واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکا میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ نے کہاکہ پاکستان کی ٹرمپ انتظامیہ سے مسئلہ کشمیر کے حل میں کردار ادا کرنے کی توقع ہے۔

امریکی جریدے کو انٹرویو دیتے ہوئے رضوان سعید شیخ کا کہنا تھا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا جنگوں کے خاتمے اور پائیدار امن قائم کرنے کا مقصد خوش آئند ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کا بغیر ثبوت پاکستان کو مورد الزام ٹھہرانا بدنیتی پر مبنی ہے، پاکستان لڑنا نہیں چاہتا، وقار کے ساتھ امن چاہتا ہے۔

سفیر پاکستان نے خبردار کیا کہ موجودہ حالات میں کشمیر کا تنازع دو جوہری طاقتوں کے درمیان سب سے بڑا فلیش پوائنٹ بن چکا ہے، انہوں نے کہا کہ جب تک مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل نہیں ہوتا، خطے میں پائیدار امن کا قیام ممکن نہیں ہوگا۔

انٹرویو کے دوران انہوں نے بھارت کی جانب سے پاکستان پر دہشت گردی کے الزامات کو غیر منطقی اور بدنیتی پر مبنی قرار دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے، پاکستان دہشت گردی کا سب سے بڑا شکار رہا ہے اور اس کے خلاف پاکستان کا مؤقف ہمیشہ واضح رہا ہے، پہلگام واقعے کو انہوں نے فالز فلیگ آپریشن قرار دیا۔