بھارت فالز فلیگ آپریشن کی آڑ میں نیوکلیئر جنگ شروع کرنا چاہتا ہے: مشعال ملک

Published On 01 May,2025 05:21 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے کہا ہے کہ بھارت ایک فالز فلیگ آپریشن کی آڑ میں نیوکلیئر جنگ شروع کرنا چاہتا ہے، دنیا فاشسٹ آر ایس ایس مائنڈ سیٹ حکومت کے جارحانہ عزائم کا نوٹس لے۔

مشعال ملک کا کہنا تھا کہ انتہا پسند مودی حکومت نے خودساختہ پہلگام واقعہ کی آڑ میں کشمیریوں کی نسل کشی شروع کر رکھی ہے، پاکستان اور آزاد کشمیر سے شادیاں کر کے مقبوضہ کشمیر اور انڈیا گئی خواتین کو دہائیوں بعد جبراً واپس بھیجا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ معصوم بچوں کو اپنی ماؤں سے جدا کیا جا رہا ہے، یہ کہاں کا انصاف ہے، کشمیریوں اور پاکستانیوں کو ناکردہ جرم کی سزا دی جا رہی ہے، پاکستان کے تمام بارڈرز اور ایل او سی بھارت کی بلا اشتعال فائرنگ اور شیلنگ کی زد میں ہیں۔

مشعال ملک نے کہا کہ فالز فلیگ آپریشنز کا ڈھونگ رچا کر پاکستان کے اندر پراکسیز کروانا بھارت کا پرانا وتیرہ ہے، حکومت پاکستان سے اپیل کرتی ہوں کہ وقت آ گیا ہے شملہ معاہدہ ختم کیا جائے، 50 سال گزر چکے ہیں، اس معاہدے کا کوئی فائدہ نہیں ہوا۔

انہوں نے کہا کہ مظلوم کشمیریوں پر بھارت کا ظلم بڑھتا ہی جا رہا ہے، وقت آگیا ہے کہ واپس اقوام متحدہ سے رجوع کیا جائے، دنیا کو بتایا جائے کہ بھارت بائی لیٹرل ازم کی دھجیاں اڑا کر اپنے یکطرفہ اقدامات سے مسئلے کا حلیہ بگاڑ چکا ہے۔