مودی سن لو! تمہاری گیدڑ بھپکیوں سے ہم ڈرنے والے نہیں ہیں: مولانا عبدالخبیر آزاد

Published On 02 May,2025 01:12 am

بہاولپور: (دنیا نیوز) مرکزی چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مولانا سید عبدالخبیر آزاد نے کہا کہ پاکستان کی سلامتی، دفاع، تحفظ اور استحکام کے لئے پوری قوم مسلح افواج کے ساتھ کھڑی ہے۔

 مرکزی چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مولانا سید عبدالخبیر آزاد نے بہاولپور میں قومی یکجہتی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے ہمیں پاکستان نعمت میں عطا کیا ہے، تمام  مکاتب فکر مسلمانوں و علما کرام نے اس ملک کو بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔

مولانا عبدالخبیر کا کہنا تھا کہ ملک کا بچہ بچہ ملکی سلامتی و دفاع کے لئے تیار ہے، بھارت سن لے ہم ایٹمی قوت ہیں، بھارتی جارحیت کا جواب پوری قوت سے دیا جائے گا، ہم ایک متحد قوم ہیں، بھارت اور مودی کا ناپاک ایجنڈا پاکستان میں نہیں چلنے دیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں ہونے والی دہشت گردی کے پیچھے ہمیشہ بھارت کا ہاتھ رہا ہے، جس کے ثبوت پاکستان پوری دنیا کو دیکھا رہا ہے، یہ ملک ایمان کا قلعہ ہے، پورے ملک میں ایک وحدت کی فضا نظر آرہی ہے، بھارت ہمیشہ اس ملک کے خلاف سازشیں کرتا رہا ہے، آج بھارت کی ناپاک سازشوں کا پول کھل چکا ہے۔

مولانا عبدالخبیر کا مزید کہنا تھا کہ تمام سوسائیٹیز اپنے اپنے پلیٹ فارموں سے ایک ہونے کا کردار ادا کر رہی ہیں، سن لو مودی تمہاری گیدڑ بھپکیوں سے ہم ڈرنے والے نہیں ہیں، یہ 24 کروڑ عوام پاک فوج کے ساتھ ملکر تمہیں منہ توڑ جواب دیں گے۔

انہوں نے کہاکہ ہم جنگ نہیں چاہتے جب تم جنگ کرو گے تو اسکا اختتام پاکستان کے ہاتھ میں ہوگا، ہمارے تمام ادارے ایمان کے جذبے کے ساتھ اس ملک کے تحفظ کے لئے کھڑے ہیں، ہمارے پاس غوری بھی ہے، ہمارے پاس غزنوی بھی ہے، ہمارے پاس تمام جدید ہتھیار ہیں۔

مرکزی چیئرمین رویت ہلال کمیٹی کا مزید کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف بھی ہمیں متحد ہوکر کام کرنا ہوگا، پاکستان میں دہشت گردی بھارت کے اوچھے ہتھکنڈے ہیں۔