بھارت دنیا کو گمراہ کرکے مسئلہ کشمیر کو چھپانا چاہتا ہے: چیئرمین سینیٹ

Published On 03 May,2025 12:52 am

کراچی: (دنیا نیوز) چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ بھارت دنیا کو گمراہ کرکے مسئلہ کشمیر کو چھپانا چاہتا ہے۔

چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میرے لئے خوشی کی بات ہے کہ میں اس کانفرنس میں شریک ہوا، روٹری کلب کا مقصد انسانیت کی خدمت کرنا ہے، دنیا بھر میں روٹری کلب کے 15 لاکھ ممبرز ہیں، روٹری کلب ہر شعبے میں پاکستان میں اپنا کردار ادا کر رہا ہے۔

یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پولیو کے خاتمے کیلئے بھی انکے اقدامات قابل تحسین ہیں، صحت کے شعبے میں بھی روٹری کلب نے بہت کام کیا ہے، بینظیر بھٹو انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے لاکھوں افراد کی کفالت ہوئی، بطور چیئرمین سینیٹ میں روٹری کلب کے اقدامات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہوں۔

چیئرمین سینیٹ کا مزید کہنا تھا کہ موجودہ حالات میں پاکستان کو بہت سے چیلنجزکا سامنا ہے، ہم ایک ذمہ دار ملک ہیں اورامن کے حامی ہیں، روٹری سے مطالبہ ہے کہ امن کیلئے بھی کام کریں، ہمارا مذہب بھی امن اور بھائی چارے کا درس دیتا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا بھارت دنیا کی توجہ اصل حقیقت سے ہٹانا چاہتا ہے، بھارت کشمیر کے مسئلے کو دنیا سے چھپا نہیں سکتا، بھارت کو پہلے تفتیش کرنی چاہئے، تفتیش سے قبل الزام تراشیوں سے گریز کیا جائے۔