وزارتِ اطلاعات و نشریات کا پاکستانی اور عالمی میڈیا کیلئے ایل او سی کے دورے کا اہتمام

Published On 03 May,2025 04:39 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزارتِ اطلاعات و نشریات نے آج اور کل پاکستانی اور عالمی میڈیا کیلئے ایل او سی کے دورے کا اہتمام کیا۔

ایل او سی کے دورے کا مقصد بھارت کے بے بنیاد اور من گھڑت پراپیگنڈے کو بے نقاب کرنا ہے، بھارت پاکستان میں نام نہاد اور خیالی "دہشت گرد کیمپس" کے حوالے سے پراپیگنڈا کرتا رہتا ہے۔

وزرات اطلاعات کے مطابق بھارت نے بارہا ایل او سی کے ساتھ مبینہ دہشت گرد ٹھکانوں کے حوالے سے بے بنیاد اور جھوٹے دعوے کیے، میڈیا کو ان مقامات پر لے جایا جائے گا جنہیں بھارت نے دہشت گرد کیمپس کے طور پر پیش کیا ہے۔

میڈیا کے نمائندوں کو مخصوص مقامات پر زمینی حقائق سے آگاہ کیا جائے گا، پاکستان امن کے لیے اپنی غیر متزلزل وابستگی کا اعادہ کرتا ہے۔

وزرات اطلاعات کا کہنا ہے کہ پاکستان دنیا کے کسی بھی حصے میں دہشتگردی یا دہشتگردانہ سرگرمیوں کو مسترد کرتا ہے۔

پاکستانی قوم اپنی خودمختاری کے دفاع کے لیے پُرعزم ہے، بھارت کی کسی بھی جارحیت کا فوری اور منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔