پاکستانی ہیلتھ سیکٹر میں چینی سرمایہ کاروں کیلئے وسیع امکانات موجود ہیں: وزیر صحت

Published On 30 April,2025 10:17 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ پاکستانی ہیلتھ سیکٹر میں چینی سرمایہ کاروں کیلئے وسیع امکانات موجود ہیں۔

ایس سی او کانفرنس کے دوران وزیرصحت مصطفیٰ کمال نے چین کے نیشنل ہیلتھ کمیشن سے ملاقات کی، چینی نیشنل ہیلتھ کمیشن نے وزیر صحت کا پُرتپاک استقبال اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

وزیر صحت نے کورونا وبا کے دوران چین کی جانب سے فراہم کی گئی امداد کو سراہا اور چینی حکومت کا پاکستان کی حکومت اور عوام کی جانب سے شکریہ ادا کیا۔

اس موقع پر وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے کہا کہ پرائمری وٹرشری ہیلتھ کیئر میں خلا کم کرنے کیلئے ٹیلی میڈیسن کا استعمال ناگزیر ہے، پاکستان میں ٹیلی میڈیسن کے فروغ کیلئے وسیع مواقع موجود ہیں، چینی تجربات سے استفادہ کرتے ہوئے بھرپور پیشرفت کی جا رہی ہے۔

انہوں نے فارما انڈسٹریز اور میڈیکل آلات بنانے والی کمپنیوں کو سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں بیشتر ادویہ ساز کمپنیاں اپنا خام مال چین سے درآمد کرتی ہیں، پاکستان ادویات کے شعبے میں چین سے ٹرانسفر آف ٹیکنالوجی کا خواہاں ہے۔

وزیر صحت نے دوا سازی کے بنیادی اجزا اور خام مال کی پاکستان میں پیداوار پر زور دیتے ہوئے کہا کہ چینی ادویہ ساز کمپنیاں پاکستان میں پیداوری یونٹس قائم کریں، ڈریپ کے ماہرین چین میں جا کر وہاں کے تجربات سے مستفید ہوں۔

اس موقع پر چینی ہیلتھ کمیشن نے مصطفیٰ کمال کی تجاویز کا خیر مقدم کیا اور تجاویز کو مثبت انداز میں سراہا، دونوں نے صحت کے شعبے میں تعاون کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا۔

چینی ہیلتھ کمیشن نے کہا کہ دونوں ممالک میں صحت کے شعبے میں تعاون اور تبادلوں کو فروغ دینا ہے، دونوں ممالک روایتی چینی طب میں تعاون کو بڑھائیں گے۔