ملک میں ہیومن ریسورس، سائنس وٹیکنالوجی پر توجہ دیے بغیر ترقی ممکن نہیں: احسن اقبال

Published On 17 May,2025 05:31 pm

چنیوٹ:(دنیا نیوز) جی سی یونیورسٹی چنیوٹ کیمپس کا افتتاح کردیا گیا۔

 پنجاب کے علاقے چنیوٹ میں افتتاحی تقریب میں وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی پروفیسر احسن اقبال نے بطور مہمان خصوصی اور وفاقی وزیر برائے سرمایہ کاری بورڈ قیصر احمد شیخ کی بطور گیسٹ آف آنر شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال کا کہنا تھا کہ قوم کو آپریشن بنیان مرصوص کی مبارکباد پیش کرتا ہوں، ہماری بہادر افواج نے ثابت کیا کہ جنگیں تعداد سے نہیں صلاحیت سے لڑی جاتی ہیں، پاک فضائیہ کے شاہینوں نے رافیل جہازوں کو زمین بوس کرکے دھاک بٹھا دی۔

ان کا کہنا تھا کہ ہماری بہادر مسلح افواج نے فتح میزائل داغ کر رعب جمایا، دشمن بھارت مدد لے کر سیز فائر کروانے میں کامیاب ہوا، ہماری بحریہ نے سمندروں سے حملہ کرنے کے خواب چکنا چور کیے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ یونیورسٹی کے ساتھ انڈسٹری کا اکیڈیمیا لنک کرنا ہے، ہمیں اب ترقی کے لیے ایکسپورٹس کی ضرورت ہے، ہم نے 32 ارب ڈالر کی ایکسپورٹ کو 100 ارب تک لیکر جانا ہے، ترقی کے لیے ایکسپورٹس ضروری ہے، ورنہ دوبارہ آئی ایم ایف کے پاس جانا پڑے گا۔

احسن اقبال کا کہنا تھا کہ یہ کیمپس ہماری حکومت کے تعلیمی ویژن کا شاخسانہ ہے، اعلیٰ تعلیمی ادارے بڑے شہروں سے چھوٹے شہروں کی طرف لے جارہے ہیں، ویژن 2025 کے تحت ہر ضلع میں کیمپس بنانے کا عمل شروع کیا تھا، اب ان کیمپسز میں بچے بچیاں تعلیم حاصل کرکے ملک کی خدمت کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں ہیومن ریسورس ، سائنس اور ٹیکنالوجی پر توجہ دیے بغیر ترقی ممکن نہیں، مارشل لاء لگنے سے ویژن 2010 ادھورا رہ گیا، ہماری حکومت نے ہزاروں پی ایچ ڈی سکالرشپ جاری کیے۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ آنے والا دور ڈیجیٹل انقلاب، اے آئی کا دور ہے، ہم نوجوانوں کو لیپ ٹاپس دیکر ڈیجیٹل سکلز دے رہے ہیں، نوجوان مستقبل کا مقابلہ انڈے، کٹوں ، مرغیوں سے نہیں کرسکتے، ہمارا ویژن نوجوانوں کو ٹیکنالوجی سے آراستہ کرنا ہے، ہم نوجوانوں کو گالیاں نہیں سکھا رہے۔