اسلام آباد: (دنیا نیوز) معرکہ حق میں شکست کی ہزیمت چھپانے کے لیے بھارت نے نیا پروپیگنڈا شروع کر دیا، بھارتی میڈیا کا پاکستان کو چین کی ذیلی ریاست ظاہر کرنے کا پروپیگنڈا بے نقاب ہو گیا۔
بھارت ابلاغی محاذ پر پاکستان کو چین کی زیر تابع ریاست کے طور پر پیش کرنے لگا، بھارتی صحافی برکھا دت کے مطابق بھارتی فوج کو دو محاذ پر جنگ کا سامنا ہے، پاکستان کو چینی مفادات کے تسلسل کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
کیشور مہبوبانی نے برکھا دت کے استفسار کے جواب میں کہا کہ "ہم پاکستان اور چین کے تعلقات کو صرف بھارتی نقطہ نظر سے دیکھ رہے ہیں"، ہم صرف کشمیر اور سی پیک کو دیکھ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اگر واقعی چین کی ذیلی ریاست ہوتا تو اسے آئی ایم ایف کے پاس نہ جانا پڑتا، پاکستان کو چین کی ذیلی ریاست کا لیبل دینا غلط ہوگا، ہندوستان ہمیشہ ماضی کے مسائل پر اختلافات پر توجہ مرکوز کرتا ہے، بھارت دوسرے ممالک سے سبق سیکھنے اور بہتر راستہ تلاش کرنے کے لیے نہیں سوچتا۔
کیشور مہبوبانی نے کہا کہ اس وقت پاکستان اور چین کے جغرافیائی سیاسی مفادات کا اتحاد ہے، جس طرح امریکہ نے کمیونسٹ چین کو اندرونی سیاسی نظام نظر انداز کرتے ہوئے پارٹنر کے طور پر چنا ہے، آج ویتنام اور چین کے درمیان تجارت کو دیکھا جا سکتا ہے، آپ اپنے مخالف کو اپنے آپ کو مضبوط بنانے کے لیے استعمال کرتے ہیں۔
دوسری جانب دفاعی ماہرین کا کہنا ہے کہ بھارت اپنی شکست سے افسردہ عوام کو مطمئن کرنے کے لیے دو محاذ پر جنگ کا ڈھنڈورا پیٹ رہا ہے، بھارت پاکستان کو چین کی ذیلی ریاست ثابت کرنے پر تلا ہوا ہے۔
دفاعی ماہرین کا کہنا ہے کہ دو ممالک کے درمیان تعلقات پسندیدگی یا نظریاتی ہم آہنگی پر نہیں بلکہ جغرافیائی اور معاشی مفادات پر مبنی ہوتے ہیں، یہ سب ایک بڑی گیم ہے، جس میں ہر ملک اپنا فائدہ دیکھ کر فیصلے کرتا ہے۔