وزیراعظم شہباز شریف اور ان کے وفد کی میزبانی کر کے خوشی ہوئی: ترک صدر

Published On 26 May,2025 10:26 am

انقرہ: (دنیا نیوز) ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے کہا ہے کہ وزیرِاعظم پاکستان شہباز شریف اور ان کے وفد کی میزبانی کر کے خوشی ہوئی۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر ترک زبان میں اپنے پیغام میں رجب طیب اردوان کا کہنا تھا کہ وزیرِاعظم پاکستان کے ساتھ ملاقات میں کئی اہم امور پر تبادلہ خیال کیا، شہباز شریف اور ان کے وفد کے ساتھ معیشت، تجارت اور سلامتی پر بات ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ ترکیہ اور پاکستان کے درمیان تعلقات کو ہر شعبے میں مزید مضبوط بنانے پر زور دیا گیا۔

رجب طیب اردوان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم پاکستان کے ذریعے پاکستانی بھائیوں کو محبت کا پیغام دیتا ہوں، شہباز شریف اور ان کے وفد کا ترکیہ کے دورے کا شکریہ ادا کرتا ہوں، اللہ تعالیٰ ہماری یکجہتی اور بھائی چارے کو قائم رکھے۔

قبل ازیں اپنے ایکس پیغام میں وزیراعظم شہباز شریف نے صدر ترکیہ کیلئے ’’پیارے بھائی‘‘ کے الفاظ لکھ کر ان کا شکریہ ادا کیا۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے لکھا کہ’’استنبول میں پیارے بھائی صدر رجب طیب اردوان سے ملاقات کا اعزاز حاصل ہوا، جس میں حالیہ پاکستان بھارت تنازعہ میں پاکستان کی غیر متزلزل حمایت پر صدر اردوان کا شکریہ ادا کیا، جس کے نتیجے میں پاکستان نے شاندار فتح حاصل کی۔‘‘

انہوں نے کہا کہ ملاقات میں پاکستانی عوام کی طرف سے ترک بھائیوں اور بہنوں کیلئے شکریہ کے جذبات کا اظہار کیا۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم کی وفد کے ہمراہ ترک صدر سے ملاقات، غیر متزلزل حمایت پراظہار تشکر

شہباز شریف نے بتایا کہ ملاقات میں کثیر الجہتی دو طرفہ تعلقات، خصوصاً تجارت اور سرمایہ کاری میں جاری پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔

وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ انہوں نے ملاقات میں ناقابل تسخیر برادرانہ تعلقات اور تعاون کو مزید مضبوط کرنے کیلئے مل کر کام جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

واضح رہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف کی ترک صدر سے اہم ملاقات ہوئی ہے، ملاقات کے اعلامیے کے مطابق پاک ترکیہ تعلقات کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا گیا، دو طرفہ دیرینہ، تاریخی اور ثقافتی تعلقات پر گفتگو ہوئی۔

وزیراعظم نے پاک بھارت کشیدگی میں حمایت پر دل کی اتھاہ گہرائیوں سے شکریہ ادا کیا اور کہا ترکیہ کی حمایت دونوں ملکوں کے درمیان تاریخی، لازوال رشتے کی عکاس تھی۔