اسلام آباد: (دنیا نیوز) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) بیرسٹر گوہرعلی خان نے دعویٰ کیا ہے کہ مجھے امید ہے بانی پی ٹی آئی عمران خان عید سے پہلے رہا ہوں گے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے بیرسٹر گوہر علی کا کہنا تھا کہ عمران خان کی رہائی کیلئے کارکنوں کا سوال اٹھانا ٹھیک ہے، ورکرز کے جذبات کی قدر کرتے ہیں، کوئی بھی یہ تصور نہیں کر سکتا ہے بانی پی ٹی آئی نے دو سال جیل میں کیوں گزارے۔
انہوں نے کہا کہ ورکرز اپنے جذبات قابو میں رکھیں، بانی پی ٹی آئی کی رہائی کیلئے ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم نے دھرنے اور احتجاج بھی کئے، ہم اسمبلی میں بھی بات کر رہے ہیں، عمران خان کا کہنا ہے اللہ کی عبادت کرتے ہیں اللہ سے مدد مانگتے ہیں، اللہ راستہ نکالے گا، مجھے امید ہے بانی پی ٹی آئی عید سے پہلے رہا ہوں گے۔
بیرسٹر گوہر نے مزید کہا کہ مجھے امید ہے کیس فکس ہو جائے گا، دو سالوں سے ہمارے لوگ برداشت کرتے کرتے تھک گئے، ججز بھی فیصلہ لکھتے لکھتے تھک گئے ہیں، ہم کوشش کر رہے ہیں بانی پی ٹی آئی کے کیسز لگیں اور میرٹ پر فیصلے ہوں۔