ہم نے دشمن کو بتادیا پاکستانی فوج اور عوام ایک ہیں: عبدالعلیم خان

Published On 30 May,2025 11:07 pm

خوشاب:(دنیا نیوز) استحکام پاکستان پارٹی کے صدر اور وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ دشمن کو بتایاہے کہ پاکستانی فوج اور عوام ایک ہیں۔

پنجاب کے ضلع خوشاب میں معرکہ حق کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ خوشاب کے عوام نے بہت محبت سے استقبال کیا، آپ کو خراج تحسین پیش کرتاہوں ،ہم ملک اصغر کے ساتھ مل کر علاقے کی خدمت کریں گے۔

انہوں ںے کہا کہ میں وزیراعظم سے مل کر آپ کیلئے یونیورسٹی کے قیام کی کوشش کروں گا، آپ نے ایک سڑک موٹروے کے ساتھ جوڑنے کیلئے کہا ہے اس کیلئے بھی کوشش کریں گے جو آپ کی اپنے ایم این اے سے محبت ہے ، اس پر آپ کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پاکستان نے اللہ کے کرم سے جو کامیابی حاصل کی ہے اس پر بھی آپ کو مبارک باد دیتاہوں ، اللہ نے ہمیں دشمن کے سامنے فتح یاب کیاہے ، آپ کو فتح مبارک ہو، وہ دشمن جس نے کبھی پاکستان کو تسلیم نہیں کیا، بھارت کی ہمیشہ کوشش رہتی ہے کہ جب بھی موقع ملے وہ پاکستان کے خلاف سازش کر ے۔

عبدالعلیم خان نے کہا کہ تین دن کی لڑائی ہوئی، بھارت کی طرف سے جب جنگ شروع ہوئی ، تو اس نے رات کے وقت معصوم بچوں کو نشانہ بنایا ، سب سے پہلے شہادت ایک چھ سال کے بچے کی ہوئی جو ایک کرنل صاحب کا بیٹا تھا، اسی طرح انہوں نے ہمارے بچوں اور بچیوں کو نشانہ بنایا۔

ان کا کہنا تھا کہ تین دن تک ہماری افواج نے صبر کیا، اس کے بعد جب انہوں نے ہمارے ہوائی اڈوں اور فوجی تنصیبات پر میزائل مارے تو پھر اس دن ہم نے آگے سے جواب دیا، پاکستان کے سپہ سالار فیلڈ مارشل عاصم منیر نے سب سے پہلے فجر کی نماز کی امامت کروائی ، اس کے بعد اللہ اکبر کا نعرہ لگایا اور مودی کو وہ جواب دیا کہ اس کی آنے والی دس نسلیں بھی یاد رکھیں گی ۔

وفاقی وزیرنے کہا کہ جو تین دن سے اکڑے بیٹھے تھے صرف ڈیڑھ گھنٹے میں ان کا غرور خاک میں ملا دیا، بھارت کی پوری انتظامیہ پوری دنیا کے آگے منتیں کر رہی تھی ، انہوں نے معافیاں مانگنی شروع کیں، بھارت نے امریکہ کے صدر کو فون کرکے کہا کہ ہماری جان چھڑوا دیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمارے شاہینوں نے بھارت کا غرور خاک میں ملا دیا، میں اپنے سپہ سالارعاصم منیر کو دل کی گہرائیوں سے مبارک باد دیتاہوں ، آپ نے ہماری قوم کا سر فخر سے بلند کر دیاہے ، ہمارے فضائیہ کے سربراہ ظہیر احمد بابر نے دشمن کی اکڑ چھ طیارے گرا کر توڑ دی ، اپنی پاک فضائیہ کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، ہم ساحر شمشاد اور نیول چیف کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، جہاں ہماری بری فوج، فضائیہ اور اسی طرح نیوی نے بھی پاکستان کی خدمت کیلئے سر دھڑ کی بازی لگائی ہے ، دشمن کو بتایا ہے کہ پاکستانی فوج اور عوام ایک ہیں۔

عبدالعلیم خان نے کہا کہ جب بھی دشمن ہماری سر زمین کی طرف دیکھے گا ہم سب اپنے ملک کا دفاع کریں گے ،مودی کو بہت گھمنڈ تھا، اربوں اور کھربوں کے نئے جہاز خریدے تھے ، اس غرور تھا کہ رافیل کو کوئی نہیں گرا سکتا، یہ جہاز فرانس نے دیئے تھے ، ان جہازوں کی قیمت کھربوں میں ہے ، پاکستانی فوج نےایک گھنٹے میں 4 رافیل گرائے ہیں اس کے علاوہ 2 اور جہاز بھی گرائے ، الحمدواللہ پاکستان کے ایک جہاز کو بھی نقصان نہیں پہنچا ہے ۔