اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف کی قطر اور سعودی عرب کے سفرا سے ملاقاتیں ہوئیں جن میں وزیراعظم نے قطر اور سعودی عرب سے غیرمتزلزل یکجہتی کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے سعودی عرب کے سفیر سے ملاقات کی جس میں مشرقِ وسطیٰ کی تیزی سے بدلتی ہوئی صورتحال پر گفتگو ہوئی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ ملاقات میں خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود، اور سعودی عرب کے ولی عہد اپنے عزیز بھائی شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کے لیے نیک تمناؤں اور دعاؤں کا اظہار کیا۔
وزیر اعظم نے سعودی عرب کے برادر عوام کے ساتھ پاکستان کی غیر متزلزل یکجہتی کا اعادہ کیا۔
محمد شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ مل کر مذاکرات اور سفارتکاری کے ذریعے خطے میں امن کے قیام کے لیے کام کرتا رہے گا۔
یہ خبر بھی پڑھیں: وزیراعظم کا قطر، سعودیہ کے سفیروں سے رابطہ، ایرانی میزائل حملے پر تشویش کا اظہار
علاوہ ازیں وزیرِاعظم شہباز شریف نے قطر کے سفیر سے ملاقات کی اور امیرِ قطر سے یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔
اس دوران انہوں نے کہا کہ گزشتہ شب کے حملوں کے بعد امیرِ قطر اور برادر عوام سے اظہارِ یکجہتی کرتے ہیں، اپنے قطری بھائیوں، بہنوں اور پورے خطے کے امن و سلامتی کے لیے دعاگو ہیں۔
وزیراعظم کا کہنا ہے کہ مشرقِ وسطیٰ میں پائیدار امن کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری کو واحد راستہ سمجھتے ہیں۔