ایس آئی ایف سی کے تحت ملک میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری آچکی : طارق فضل چودھری

Published On 24 June,2025 04:54 pm

اسلام آباد:(دنیا نیوز) وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چودھری نے کہا ہے کہ ایس آئی ایف سی کے تحت پاکستان میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری لائی جاچکی ہے۔

قومی اسمبلی اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے طارق فضل چودھری کا کابینہ پر کٹوتی تحریک پر جواب دیتے ہوئے کہنا تھا کہ اپوزیشن کی جانب سے کابینہ کے ممبران کی تعداد پر اعتراض کیا  گیا، موجودہ کابینہ کی تعداد 32 ہے خصوصی مشیر 9 ہیں، وہ کابینہ میں شمار نہیں ہوتے۔

انہوں نے کہا کہ تمام معاشی اشاریے معیشت کی ترقی کی طرف اشارہ کر رہے ہیں، زراعت کے شعبے میں اصلاحات لائی گئی مائنز اینڈ منرلز کا اقدام پاکستان کی تاریح میں ریکارڈ ہے۔

وفاقی وزیر پارلیمانی امورکا کہنا تھا کہ پاکستان نے دفاعی میدان میں تاریخ رقم کی، دنیا نے پاکستان کی عسکری صلاحیت اورقوم کے جذبے کومانا ہے،، فیلڈمارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا گیا، موجودہ کابینہ، فیلڈ مارشل عاصم منیر اور وزیراعظم کی قیادت میں دفاعی سطح پر دنیا نے مانا ہے۔

طارق فضل چودھری نے کہا کہ ایس آئی ایف سی کے تحت پاکستان میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری لائی جاچکی ہے، بدقسمتی سے بانی پی ٹی آئی کے دور کا ایک منصوبہ بھی مکمل نہیں ہوسکا، ہم اب متعلقہ اداروں کی مدد سے جاری منصوبے مکمل کریں گے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان میں ٹوررازم میں اضافہ ہورہا ہے، ہر ممکن کوشش ہے کہ پاکستان آنے والے سیاحوں کو کسی قسم کی مشکل نہ ہو۔