سپریم کورٹ: ٹیکس دہندگان کی گرفتاری اور ایف آئی آرز غیر قانونی قرار

Published On 25 June,2025 02:28 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپریم کورٹ نے ٹیکس دہندگان کے خلاف ایف آئی آرز کے اندراج اور گرفتاریوں کو غیرقانونی قرار دے دیا، عدالت نے فیصلے میں کہا ہے کہ ٹیکس واجب الادا ہونے کا تعین اور اپیل کا حق دینا آئینی تقاضا ہے۔

سپریم کورٹ کے جسٹس شاہد وحید، جسٹس عرفان سعادت خان اور جسٹس عقیل عباسی پر مشتمل بنچ نے تحریری فیصلہ جاری کرتے ہوئے کہا کہ ایف بی آر کو ایس آر او کے تحت فوجداری کارروائی کا اختیار دینا آئین اور قانون کے منافی ہے، بغیر سنے ٹیکس دہندگان کو گرفتار کرنا آئین کے آرٹیکل 4 اور A-10کی صریح خلاف ورزی ہے۔

تحریری فیصلے میں کہا کہ ٹیکس تنازعات کے ابتدائی مرحلے میں فوجداری کارروائی انصاف کے تقاضوں کیخلاف ہے اور ایف بی آر کی جانب سے براہ راست مقدمات درج کرنا اختیارات سے تجاوز ہے، قانون کے مطابق پہلے ٹیکس کی واجب الادا رقم کا تعین اور بعد ازاں قانونی طریقہ اختیار کرنا ناگزیر ہے۔

فیصلے میں مزید کہا گیا ہے کہ جب تک قانونی طریقہ کار کے مطابق ٹیکس کی ادائیگی کا تعین نہ ہو کسی بھی شہری کو صفائی کا حق دیئے بغیر مجرم قرار نہیں دیا جا سکتا۔

یہ فیصلہ ملک میں ٹیکس اصلاحات اور ٹیکس دہندگان کے حقوق کے تحفظ کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔