بلوچستان: نئے مالی سال کا آغاز، 50 ارب روپے کے ترقیاتی فنڈز کا اجراء

Published On 01 July,2025 11:26 am

کوئٹہ: (دنیا نیوز) بلوچستان حکومت نے نئے مالی سال 26-2025 کا آغاز 50 ارب روپے کے ترقیاتی فنڈز کے فوری اجرا سے کر دیا جو صوبے کی تاریخ میں ترقیاتی عمل کے بروقت آغاز کی ایک نئی مثال بن گیا۔

حکام کے مطابق یہ فنڈز مالی سال کے پہلے ہی دن محکمہ خزانہ بلوچستان کی جانب سے جاری کیے گئے ہیں۔

بلوچستان حکومت نے کہا ہے کہ یہ اقدام صوبائی نظم و نسق، تیاری اور سنجیدگی کا مظہر ہے جو کاغذی دعوؤں کے بجائے عملی خدمت کی جانب واضح قدم ہے۔

تعلیم، صحت، توانائی اور سڑکوں پر توجہ
بلوچستان حکومت کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ترقیاتی فنڈز کے اجراء سے جن منصوبوں پر فوری عملدرآمد شروع ہوگا ان میں صحت، تعلیم، آبپاشی، سڑکوں کی تعمیر اور توانائی کے منصوبے شامل ہیں۔

ترقیاتی فنڈز کا اجراء کاغذی دعوؤں عملی خدمت کا آغاز ہے: وزیراعلیٰ
وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے فنڈز کے بروقت اجراء پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ترقیاتی فنڈز کا اجراء کاغذی دعوؤں کا نہیں بلکہ عملی خدمت کا آغاز ہے، اب بلوچستان میں صرف باتیں نہیں ہوں گی بلکہ بجٹ کا ہر روپیہ زمین پر نظر آئے گا۔

انہوں نے مزید کہا ہے کہ ہم نے ثابت کر دیا کہ اگر نیت صاف ہو تو فیصلے دنوں میں نہیں بلکہ گھنٹوں میں ہو سکتے ہیں، یہ اقدام صوبائی حکومت کی عوام سے وابستگی کا واضح پیغام ہے۔

بلوچستان! ایک نئی مثال
بلوچستان حکومت نے اسے تیز رفتار ترقی کی نئی روایت قرار دیا ہے جو دیگر صوبوں کے لیے بھی قابل تقلید ماڈل بن سکتا ہے۔

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ فنڈز کے فوری اجراء کا یہ اقدام ترقیاتی عمل کو تیز کرنے میں معاون ہو گا، عوامی خدمات کی فراہمی میں بہتری لائے گا، صوبائی اداروں پر اعتماد میں اضافہ کرے گا اور بلوچستان کو ترقی کی دوڑ میں آگے لے جانے میں مددگار ثابت ہو گا۔