9 مئی کے 2 مقدمات میں شاہ محمود قریشی بری، یاسمین راشد سمیت دیگر کو سزائیں

Published On 11 August,2025 04:20 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما شاہ محمود قریشی کو شادمان تھانہ جلاؤ گھیراؤ اور پولیس کی گاڑیاں جلانے کے مقدمات سے بری کر دیا گیا۔

انسداد دہشت گردی عدالت نے 9 مئی کے دونوں کیسز کا فیصلہ سنا دیا، ڈاکٹر یاسمین راشد، میاں محمود الرشید، اعجاز چودھری اور عمر سرفراز چیمہ کو 10، 10 سال قید کی سزا سنا دی گئی۔

پاکستان تحریک انصاف کی خاتون رہنماؤں عالیہ حمزہ اور صنم جاوید کو 5، 5 سال قید کی سزا سنائی گئی اور ایک ایک لاکھ جرمانہ کیا گیا ہے۔

تھانہ شادمان جلانے کے مقدمہ میں 12 ملزمان کو بری کرنے کا حکم دیا گیا ہے، بری ہونے والوں میں سلمان احمد، عبدالقادر، فیضان، طیب سلطان، شاہد بیگ، ماجد علی، بخت رواں، سہیل خان، اویس، رفیع الدین، فرید خان شامل ہیں۔

اے ٹی سی لاہور کے جج منظر علی گل نے کوٹ لکھپت جیل میں فیصلہ سنایا، تھانہ شادمان نذر آتش کیس میں 19 ملزمان کا ٹرائل مکمل کیا گیا۔

ملزموں میں شاہ محمود قریشی، یاسمین راشد، عمر سرفراز چیمہ، اعجاز چودھری، میاں محمود الرشید، صنم جاوید اور عالیہ حمزہ شامل ہیں۔

تھانہ شادمان نذر آتش کیس میں کل 41 ملزم نامزد ہیں جبکہ 15 ملزم اشتہاری قرار دیئے جا چکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: 5اگست احتجاج: پی ٹی آئی کارکنان کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم

تھانہ شادمان نذر آتش کیس میں 6 ملزمان زیر حراست جبکہ ایک ملزم وفات پا چکا ہے، ملزمان کے خلاف دہشت گردی سمیت دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج ہے۔

دوسری جانب بیکری کے باہر گاڑیاں جلانے کے مقدمے کا ٹرائل کوٹ لکھپت جیل میں مکمل کیا گیا، ملزمان میں شاہ محمود قریشی، یاسمین راشد شامل ہیں۔

بیکری کے باہر گاڑیاں جلانے کے مقدمے میں عمر سرفراز چیمہ، اعجاز چودھری، میاں محمودالرشید، عالیہ حمزہ اور صنم جاوید بھی شامل ہیں۔

گاڑیاں جلانے کے مقدمے میں کل 25 ملزم نامزد ہیں جبکہ 7 ملزم اشتہاری قرار دیئے جا چکے ہیں، بیکری کے باہر گاڑیاں جلانے کے مقدمے میں 12 ملزموں کا ٹرائل مکمل کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: زرتاج گل سزا یافتہ، پہلے سرنڈر کریں، پھر اپیلیں سنیں گے: چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ

بیکری کے باہر گاڑیاں جلانے کے مقدمے میں 5 ملزم زیر حراست جبکہ ایک ملزم وفات پا چکا ہے، ملزموں کے خلاف دہشت گردی سمیت دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج ہے۔

یاد رہے کہ لاہور میں اب تک نو مئی کے تین مقدمات کا فیصلہ سنایا جاچکا ہے، دو مختلف ججز نے تین مقدمات میں 31 ملزمان کو سزائیں سنائی ہیں۔

9 مئی کے تین مقدمات میں اب تک 26 ملزمان کو بری کیا جاچکا ہے، شاہ محمود قریشی نو مئی کے تین مقدمات میں بری ہوچکے ہیں، شاہ محمود قریشی کے خلاف نو مئی کے لاہور میں تاحال 11 مقدمات زیر سماعت ہیں۔