سیالکوٹ: (دنیا نیوز) پاکستان کے صوبہ پنجاب کے شہر سیالکوٹ کے انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر آج چوتھے روز بھی فلائٹ آپریشن مکمل طور پر بند ہے۔
سیالکوٹ انٹرنیشنل ائیرپورٹ سے روزانہ اوسطاً دس سے گیارہ بین الاقومی پروازیں اڑان بھرتی ہیں تاہم گزشتہ چار روز سے پروازوں کی آمدورفت کا سلسلہ مکمل طور پر معطل ہے۔
ترجمان سیالکوٹ ایئرپورٹ محمد عمیر خان کے مطابق ایئرپورٹ کی انتظامیہ چار دنوں سے مسلسل اپنی مدد آپ کے تحت سیلابی پانی کے اخراج میں مصروف عمل ہے، فضائی آپریشن کی بندش میں مزید توسیع کا خدشہ ہے۔
محمد عمیر خان کا کہنا تھا کہ ضلعی انتظامیہ نے بھی تمام تر معاونت کی یقین دہانی کروائی ہے اور امید ہے کہ جلد پانی مکمل طور پر نکال دیا جائے گا۔