سیالکوٹ: (دنیا نیوز) اقوام متحدہ کے وفد نے سیالکوٹ میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا۔
اقوام متحدہ کے وفد نے دورہ کے دوران سیلاب کے پانی سے متاثرہ علاقوں کا تفصیلی جائزہ لیا، یو این وفد نے متاثرین کو راشن، خوراک اور پانی فراہم کیا۔
یو این نمائندہ ڈاکٹر محمد احمد یحییٰ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ مشکل کی اس گھڑی میں پاکستانی عوام کے ساتھ کھڑی ہے، سیلابی صورتحال موسمیاتی تبدیلی کا نتیجہ ہے، پاکستان شدید متاثر ہو رہا ہے۔
واضح رہے کہ سیالکوٹ کے انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر چوتھے روز بھی فلائٹ آپریشن مکمل طور پر بند رہا، سیالکوٹ انٹرنیشنل ائیرپورٹ سے روزانہ اوسطاً دس سے گیارہ بین الاقومی پروازیں اڑان بھرتی ہیں تاہم گزشتہ چار روز سے پروازوں کی آمدورفت کا سلسلہ مکمل طور پر معطل ہیں۔
ترجمان سیالکوٹ ایئرپورٹ محمد عمیر خان کا بھی کہنا تھا کہ ایئرپورٹ کی انتظامیہ چار دنوں سے مسلسل اپنی مدد آپ کے تحت سیلابی پانی کے اخراج میں مصروف عمل ہے، فضائی آپریشن کی بندش میں مزید توسیع کا خدشہ ہے۔
محمد عمیر خان کا کہنا تھا کہ ضلعی انتظامیہ نے بھی تمام تر معاونت کی یقین دہانی کروائی ہے اور امید ہے کہ جلد پانی مکمل طور پر نکال دیا جائے گا۔