لاہور، اسلام آباد: (دنیا نیوز) مون سون کا طوفانی سپیل، لاہور، اسلام آباد میں موسلا دھار بارش، نشیبی علاقے پانی میں ڈوب گئے۔
وفاقی دارالحکومت میں مختلف سیکٹر میں شاہراہیں ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگیں، بھارہ کہو کے علاقے میں کئی کئی فٹ پانی جمع ہوگیا، خیابان سرسید ضیا کالونی میں برساتی نالہ بپھر گیا، پانی لوگوں کے گھروں میں داخل ہوگیا۔
نالہ لئی میں پانی کی سطح بلند، خطرے کے الارم بج گئے
سڑکوں پر پانی جمع ہونے سے ٹریفک کا نظام درہم برہم ہوگیا، گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں، جڑواں شہروں میں بارش سے کٹاریاں کے مقام پر نالہ لئی میں پانی کی سطح 19 فٹ تک بلند ہوگئی، خطرے کے سائرن بجا دیئے گئے، نالہ لئی کے اطراف رہائش پذیر لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقلی کی ہدایت کر دی گئی۔
لاہور اور گردونواح میں بھی بادل خوب برسے
لاہور کے مختلف علاقوں میں بھی بادل خوب برسے، رات گئے تک بارش ہوتی رہی، ہری پور اور گردونواح میں تیز بارش ہوئی، برساتی نالوں میں طغیانی، مظفرآباد اور باغ میں جم کر بادل برسے، مالا کنڈ، بٹ خیلہ اور گردونواح میں بھی گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش ہوئی، بالائی علاقوں کی شاہراہوں پر لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ بڑھ گیا۔
بونیر کے علاقے پیر بابا اور مضافات میں بھی طوفانی بارش ہوئی، پانی بازار میں داخل ہوگیا، بارش کے باعث شہریوں میں خوف وہراس پھیل گیا، بونیر میں ہنگامی صورتحال پیدا ہوگئی، لوگ محفوظ مقامات پر منتقل ہوگئے۔