پشاور: بروقت فنڈز جاری نہ ہونے سے مفت کتب کی فراہمی خطرے میں پڑ گئی

Published On 06 September,2025 10:51 am

پشاور: (ذیشان کاکاخیل) خیبرپختونخوا محکمہ تعلیم کی جانب سے بروقت فنڈز جاری نہ ہونے کا انکشاف ہوا ہے جس کے باعث طلبہ کے لیے مفت کتب کی فراہمی شدید خطرے میں پڑ گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق 2018 سے 2024-25 تک محکمہ تعلیم نے صوبائی ٹیکس بک بورڈ کو واجبات ادا نہیں کیے جس کے نتیجے میں واجبات کی رقم 13 ارب 21 کروڑ 88 لاکھ 51 ہزار 129 روپے تک پہنچ گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق رواں سال بھی طلبہ کو مفت کتب کی فراہمی کے لیے ایک پائی تک جاری نہیں کی گئی جس سے خدشہ ہے کہ اگر فنڈز فوری طور پر جاری نہ ہوئے تو صوبے کے لاکھوں طلبہ مفت کتب سے محروم رہ جائیں گے۔

ٹیکس بک بورڈ حکام کا کہنا ہے کہ واجبات کی بروقت ادائیگی نہ ہونے کی وجہ سے مسائل بڑھ رہے ہیں تاہم امید ہے کہ جلد از جلد فنڈز جاری کر دیے جائیں گے، وزیر اعلیٰ سمیت دیگر اعلیٰ حکام کو اس صورتحال سے آگاہ کردیا گیا ہے۔