کراچی:(دنیا نیوز)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان ایئر فورس ہماری قومی غیرت و وقار کی علامت ہے۔
شہر قائد سے جاری یوم فضائیہ پر پیغام میں بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ ایئر فورس ڈے پر پاک فضائیہ کے شہداء کو خراج عقیدت اور غازیوں کی جرأت کو سراہتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ایئر فورس ہماری قومی غیرت و وقار کی علامت ہے، 7 ستمبر ہماری تاریخ میں جرأت، قربانی اور پاکستان ایئر فورس کی بے مثال پیشہ ورانہ صلاحیت کا دن ہے،فخر ہے کہ وہ جذبہ اور روایت آج بھی قائم ہے جس کا مظاہرہ پاک فضائیہ نے 1965 کی جنگ میں کیا۔
چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ بھارت کی حالیہ جارحیت کے جواب میں پاکستان ایئر فورس کی شاندار کامیابی اس کا بات ثبوت ہے ،حالیہ پاک ۔ بھارت جنگ میں ہمارے شاہینوں نے دشمن کے چھ جنگی طیارے مار گرائے، ہمارے شاہینوں کا یہ کارنامہ ہمیشہ’6.0 فتح‘ کے نام سے یاد رکھا جائے گا۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اپنی جرأت اور مہارت سے شاہینوں نے ایک بار پھر دنیا کو یاد دلایا کہ پاکستان کی خودمختاری ناقابلِ تسخیر ہے، پیپلز پارٹی ہمیشہ مسلح افواج کے شہداء اور غازیوں کو بلند ترین مقام دیتی ہے،قائد ِ عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو نے پاکستان کے دفاع کی بنیاد کو مضبوط کیا۔
اِن کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے میزائل ٹیکنالاجی کا تحفہ دیا اور ایئرفورس کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے اقدامات کیے، شہید محترمہ نے پاک فضائیہ کے لیے ایف 16 جہازوں کے حصول کے لیے کلنٹن انتظامیہ پر دباوَ ڈالا۔
چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی نے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے دورِ حکومت میں پاکستان اور چین نے جے ایف 17 تھنڈر جہازوں کی تیاری کے ایم او یو پر دستخط کیے،پاک فضائیہ کی اصل طاقت صرف طیارے اور ہتھیار نہیں بلکہ اِس کے شاہینوں کے ناقابلِ شکست حوصلہ ہے۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ پی اے ایف کے شاہین ہمیں یہ سکھاتے ہیں کہ ایمان، اتحاد اور قربانی کے جذبے کے ساتھ آسمان کوئی حد نہیں بلکہ ہمارا میدان ہے، پاک فضائیہ کی مسلسل طاقت، جدیدیت اور عظمت کے لیے دُعاگو ہوں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اللہ کرے کہ پاکستان کے شاہین ہمیشہ بلند پرواز رہیں اور اپنی مادرِ وطن کا ایمان، عزت اور عزم کے ساتھ دفاع کرتے رہیں۔