خیبرپختونخوا: سرکاری سکولوں میں اساتذہ پر کڑی نظر رکھنے کا فیصلہ

Published On 08 September,2025 09:25 am

پشاور: (ذیشان کاکاخیل) خیبرپختونخوا حکومت نے سرکاری سکولوں میں اساتذہ کی حاضری اور کارکردگی بہتر بنانے کے لیے جدید ٹیکنالوجی پر مبنی مانیٹرنگ نظام متعارف کرانے کا فیصلہ کر لیا۔

ذرائع کے مطابق محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم نے ابتدائی مرحلے میں 130 کلاس رومز کو جدید نظام سے لیس کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔

دستاویز کے مطابق اس نظام کے تحت کلاس رومز کی نگرانی نہ صرف سکول پرنسپل بلکہ محکمہ تعلیم کے حکام بھی براہِ راست کر سکیں گے، اس مقصد کے لیے باقاعدہ کمانڈ اینڈ کنٹرول روم قائم کیا جائے گا جس پر 7 ملین روپے سے زائد لاگت آئے گی۔

محکمہ تعلیم کے مطابق اس منصوبے کا مقصد اساتذہ کی حاضری یقینی بنانا، تدریسی عمل کو مؤثر بنانا اور تعلیمی معیار میں بہتری لانا ہے۔

حکام کے مطابق منصوبے کا ابتدائی ہوم ورک مکمل کر لیا گیا ہے اور منصوبے پر جلد عملدرآمد شروع کیا جائے گا۔