لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما و سینیٹر اعجاز چودھری کی نااہلی کے خلاف دائر درخواست قابل سماعت ہونے یا نہ ہونے سے متعلق فیصلہ محفوظ کر لیا گیا۔
جسٹس احمد ندیم ارشد نے اعجاز چودھری کی نااہلی کے خلاف دائر درخواست پر سماعت کی۔
وفاقی حکومت اور الیکشن کمیشن کے وکلاء نے درخواست کی مخالفت کرتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ اعجاز چودھری کو 9 مئی کے مقدمات میں انسداد دہشت گردی عدالت نے 10 سال قید کی سزا سنائی ہے جس کے بعد الیکشن کمیشن نے خود بخود نااہلی کا نوٹیفکیشن جاری کیا۔
اعجاز چودھری کی جانب سے مؤقف اپنایا گیا کہ سزا کے بعد ان کا مؤقف سنے بغیر کسی رکنِ سینیٹ کو نااہل قرار نہیں دیا جا سکتا۔
بعدازاں عدالت نے فریقین کے دلائل مکمل ہونے پر سینیٹر اعجاز چودھری کی نااہلی کے خلاف دائر درخواست قابل سماعت ہونے یا نہ ہونے سے متعلق فیصلہ محفوظ کرلیا۔