سعودی عرب اور پاکستان اسلامی دنیا کی قیادت کیلئے آگے بڑھیں، فضل الرحمان

Published On 19 September,2025 01:42 am

کراچی: (دنیا نیوز) جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دفاعی معاہدہ ہو چکا، اہم دفاعی معاہدے پر خوشی ہے، سعودی عرب اور پاکستان اسلامی دنیا کی قیادت کیلئے آگے بڑھیں۔

جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے امن مارچ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ مسلم ممالک کو متحد ہونا ہوگا، آج فلسطین پر قبضے کی بات ہو رہی ہے، ہمیں فلسطین کے حوالے سے مضبوط مؤقف اپنانا چاہیے، جمعیت علما اسلام فلسطینی بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے۔

فضل الرحمان نے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ دوحہ میں اسلامی سربراہی کانفرنس بڑا اچھا قدم ہے، دوحہ کانفرنس اسلامی بلاک کی طرف قدم ہے، اسلامی سربراہی کانفرنس کی حوصلہ شکنی کے بجائے ساتھ دینا چاہئے۔

سربراہ جے یو آئی کا کہنا تھا کہ جمعیت علما اسلام صرف پاکستان نہیں امت مسلمہ کی آواز ہے، ہم نے ہر صوبے میں عوام کے حقوق کی بات کی، خیبرپختونخوا میں امن نام کی کوئی چیز نہیں۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ بلوچستان میں بدامنی کا راج ہے،ہم اسلام آباد جانا نہیں چاہتے لیکن آپ کا رویہ مجبور کر رہا ہے۔