اسلام آباد: (دنیا نیوز) سابق سینیٹر مشتاق احمد بحرین سے اسلام آباد پہنچے جہاں ایئرپورٹ پر ان کا شاندار استقبال کیا گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے اردن کے نائب وزیراعظم کو فون کیا اور سابق سینیٹر مشتاق احمد کی عمان واپسی میں اردن کی مدد پر شکریہ ادا کیا تھا۔
واضح رہے کہ سابق سینیٹر مشتاق احمد غزہ امداد لے جانے والے گلوبل صمود فلوٹیلا کے قافلے میں شامل تھے، انہیں اسرائیل نے گزشتہ ہفتے فلسطینیوں کے لیے امداد لے جانے والی کشتیوں کے ایک فلوٹیلا کو روکنے کے بعد حراست میں لیا تھا۔
اس موقع پر انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے 30 دن اور 30 راتیں سمندر میں گزاریں، دورانِ سفر صمد فلوٹیلا پر 3 ڈرون اٹیک ہوئے۔
سابق سینیٹر مشتاق احمد کا کہنا ہے کہ 2 سال سے زائد ہو گئے، فلسطین میں مسلمانوں کا قتلِ عام ہو رہا ہے، غزہ میں ہزاروں کی تعداد میں بچے معذور اور یتیم ہو گئے، مسلمان ممالک کو مل کر فلسطین سے متعلق غور کرنا ہو گا، 2 سال سے فلسطین میں ہونے والی نسل کشی ظلم کی انتہا ہے۔